حکومت سرکاری طور پر مقرر کئے گئے نرخ 180 روپے فی من پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ،وسیم اختر

شوگر ملز مالکان کسانوں کا استحصال کرتے ہوئے ،150روپے فی من گنا خرید کررہے ہے جس سے غریب کاشتکار کا معاشی استحصال ہور ہا ہے،پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات پر اظہار خیال

پیر 8 دسمبر 2014 19:28

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وپارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری طور پر مقرر کئے گئے نرخ 180 روپے فی من پر عملدرآمد کو یقینی بنائے کیونکہ شوگر ملز مالکان کسانوں کا استحصال کرتے ہوئے 150روپے فی من گنا خرید کررہے ہے جس سے غریب کاشتکار کا معاشی استحصال ہور ہا ہے وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات پر اظہار خیال کررہے تھے انہوں نے کہاکہ شوگر ملوں میں گنا کی خریداری میں ناجائز کٹوتی کی جاتی ہے اس کے لیے حکومت شوگر ملوں کے باہر سرکاری کنڈا نصب کرئے ڈاکٹر سید وسیم اختر کی اس بات پر اپوزیشن کے ارکان سمیت حکومتی اراکین اسمبلی کی حمایت کی جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے ہدایت جاری کی کہ شوگر ملوں میں کاشتکاروں سے سرکاری نرخوں کے مطابق گنے کی خریداری کی جائے خلاف ورزی کرنے والی شوگر مل کے منیجر کو گرفتار کیا جائے گا قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی کے سربراہی میں بنائی گئی شوگر کین کمیٹی کی میٹنگ میں ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ حکومت زرعی مداخل جس میں بیج ‘کھاد اور زرعی ادویات شامل ہے پر جی ایس ٹی کو ختم کیا جائے انہوں نے کہاکہ دنیا میں کسی بھی ملک میں زرعی مداخل پر جی ایس ٹی لاگو نہیں کیا جاتا حکومت اس جی ایس ٹی کو فوری طور پر ختم کرئے تاکہ کاشتکاروں کو ارزا ں نرخوں پر کھا د‘بیج اور ادویات مل سکے اور عوام کو بھی سستی ضروریات زندگی میسر آسکے انہو ں نے کہاکہ کسان کی خوشحالی ہی اس ملک کی خوشحالی ہے حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے اقدامات کرئے ۔