وزیراعلیٰ شہباز شریف کا فیصل آباد میں فائرنگ کے باعث پولیو ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس

منگل 9 دسمبر 2014 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی میں پولیوورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث ایک پولیو ورکرکے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی بیماری سے بچانے والوں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعہ کے سدباب کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث پولیو ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔