شمالی وزیرستان، ہوٹل پر اتحادی طیاروں کی بمباری ، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ، بمباری سے ہوٹل ، قریبی عمارات اور ہوٹل کے باہر کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ، زخمی مرکز صحت منتقل، ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری،افغانستان میں لڑائی کے دوران کچھ گولے پاکستانی علاقے میں گرے، اموات افغانستان میں ہوئیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر،میرعلی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایف سی کے4اہلکار شہید ، 2 زخمی ہو گئے ، گاڑی تباہ

ہفتہ 23 جون 2007 16:00

میرانشاہ+میرعلی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار23 جون 2007) شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے شوال میں ایک ہوٹل اور دیگر عمارتوں پر اتحادی طیاروں کی بمباری سے 5بچوں اور خواتین سمیت 9افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ہوٹل اور قریبی عمارتیں اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ ادہر میر علی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایف سی کے4 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ ان کی گاڑی تباہ ہو گئی ۔

ایک نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں وادی شوال کے علاقے برمل میں اتحادی طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں ایک ہوٹل ، قریبی عمارات اور ہوٹل کے باہر کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق مقامی قبائل نے ملبے سے 9لاشیں نکالی ہیں جبکہ 3 زخمیوں کو قریبی محکمہ صحت کے مرکز میں پہنچا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملبے سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ جبکہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل وحید ارشد نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اتحادی افواج نے پاکستانی علاقوں پر حملہ نہیں کیا بلکہ افغانستان میں ہونے والی لڑائی کے دوران کچھ گولے شمالی وزیرستان میں ایک کچے ہوٹل پر گرے جس سے ہوٹل کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ اموات افغانستان کے علاقے میں ہوئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں شر پسندوں اور اتحادی افواج کے درمیان لڑائی میں چند راؤنڈز شمالی وزیرستان میں منگروٹائی کے مقام پر گرے جس سے کچھ افراد زخمی ہوئے اور کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ادہر پاکستان نے کہا ہے ک وہ باقاعدہ طور پر سرحدی علاقے کی خلاف ورزی پر یہ معاملہ پاکستان ، افغانستان اور امریکہ پر مشتمل سہ فریقی کمیشن میں اٹھائے گا۔

عینی شاہدین کے مطابق اتحادی افواج کے اپاچی ہیلی کاپٹروں اور بی باون بمبار طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور مانا کے علاقے میں کئی بم گرائے تاہم سرکا ری ذرائع نے شمالی وزیرستان پر بمباری کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ایک اور واقعے میں میر علی کے مقام پربارودی سرنگ پھٹنے سے ایف سی کے 4 اہلکار شہید اور دوزخمی ہوگئے۔دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی۔ایف سی اہل کار علاقے میں معمول کے گشت پر تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔