لاہور میں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے تیار کی جانے والی جعلی ادویات کی بہت بڑی کھیپ پکڑی گئی

منگل 9 دسمبر 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) صوبائی دارالحکومت میں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ناموں سے تیار کی جانے والی جعلی ادویات کی بہت بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ خفیہ اطلاع ملنے پر فیڈرل ڈرگ انسپکٹروں اور ایف آئی اے کی ٹیم نے کوٹ لکھپت کے علاقے میں چھاپہ مارا تو رہائشی آبادی میں جعلی ادویات تیار کی جا رہی تھیں۔ جعلی ادویات تیار کرنے والے 2 ملزمان موقع سے گرفتار ہوئے جبکہ تیسرا مرکزی ملزم چھاپہ سے قبل روپوش ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

بڑے ملزم کو پکڑنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فیڈرل ڈرگ انسپکٹر شیخ عبد الرشید نے آن لائن کو بتایا کہ جعلی ادویات کرنے والوں نے انتہائی چالاکی سے رہائشی آبادی کے مختلف علاقوں کے گھروں کو منتخب کیا جہاں پر وہ ایک مکان میں ادویات تیار کرکے دوسری جگہ کے مکان میں ادویات کی کوٹینگ کرتے اور تیسری جگہ پر ادویات کی پیکنگ کا کام کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کا دھندہ کرنے والے تینوں جگہوں پر اپنے بیوی بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے اور ان کے علاقے کے دیگر ہمسایوں کو ان کی کارروائی کی کانوں کان خبر نہ ہوئی۔ اس فیکٹری میں تیار کی جانے والی جعلی ادویات میں انسانی جان بچانے کے علاوہ بھاری مقدار مین امساک (ویاگرا) تیار کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی طرح کی ادویات مین انگلینڈ، امریکہ سمیت دیگر ممالک کے لیبل استعمال کئے جاتا تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ادویات غیر مستند ڈاکٹر اپنے کلینکس پر استعمال کرتے تھے جبکہ ان کے بڑے خریداروں میں عطائیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں تیار کی جانے والی ادویات میں خفظان صحت کے اصولوں کی قطعاً پرواہ نہیں کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان ادویات کا استعمال میں کم از کم نقصان ہیپاٹائٹس شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کی بڑی مارکیٹ لاہور میں لوہاری مارکیٹ ہے جہاں پر جعلی، سب سٹینڈرڈ سمیت ہر قسم کی ادویات دستیاب ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :