وزیراعلیٰ کا فیصل آباد میں فائرنگ کے باعث پولیو ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس،لواحقین کیلئے 10لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان ،

آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب ، ملزمان کی گرفتاری کا حکم، پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت، بچوں کو موذی بیماری سے بچانے والوں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے،شہباز شریف

منگل 9 دسمبر 2014 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی میں فائرنگ کے باعث جاں بحق ہونے والے پولیو ورکر کے لئے10لاکھ روپے مالی ا مداد کا اعلان کیا-انہوں نے پولیوورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث ایک پولیو ورکرکے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں کو موذی بیماری سے بچانے والوں پر فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعہ کے سدباب کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے باعث پولیو ورکر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔