پولیو مہم سے کوئی بھی سرکاری محکمہ مبرا نہیں،کمشنر ژوب ڈویژن،

کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، دکی میں پولیو کا کام تسلی بخش ہے مگر اس میں مزید بہتری لائی جائے گی،کاظم نیاز خان

منگل 9 دسمبر 2014 22:28

دکی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) کمشنر ژوب ڈویژن کاظم نیاز خان نے کہا ہے کہ پولیو مہم سے کوئی بھی سرکاری محکمہ مبرا نہیں۔ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دکی میں پولیو کا کام تسلی بخش ہے مگر اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو قومی مسئلہ بن چکا ہے جس کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

انکاری لوگوں کو پولیو ویکسین پلانا ہرصورت ممکن بنائیں گے۔ نومنتخب اراکین اسمبلی، سماجی تنظیمیں، بلدیاتی نمائندے، قبائلی معتبرین، علماء کرام سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو پولیو کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو مہم کے سلسلے میں دورہ دکی کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ظفراللہ گویہ، تحصیلدار سلیم خان کاکڑ، چیف سیکریٹری کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر مسعود، محمد اسلم، ڈاکٹر جوہر خان، فوکل پرسن سلطان محمد زرکون، ڈاکٹر شیرزمان ترین، انجینئر عبداللہ خان ترین، ڈی او سرورخان مندوخیل، ڈی این پی عاطف سلیم، رسالدار میجر حاجی علی محمد شادوزئی سمیت سرکاری آفیسران نے شرکت کی۔ قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ژوب ڈویژن کاظم نیاز خان نے کہا کہ دکی میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید بہتری کے لئے اقدامت کرنے ہوں گے۔ خواتین ٹیموں نے بہتر انداز میں خدمات نبھائیں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دکی کو ہدایت کی کہ تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، محکمہ مال پولیو مہم کی خصوصی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے سیکریٹریز پولیو مہم میں مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیو خطرناک مرض ہے جس پر مکمل قابو اورخاتمہ کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ کمشنر ژوب ڈویژن نے سول ہسپتال، یوسی صدر، یوسی ناصر آباد، یوسی تھل اسماعیل شہر، ناناصاحب زیارت، کوچی ودیگر علاقوں میں جاکر پولیو ٹیموں کا معائنہ کیا اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :