انسداد پولیو مہم جاری رہے گی ،خواجہ سلمان رفیق،

کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،یہ قومی کاز ہے جس میں آئندہ نسل کی صحت و بقاء کا مسئلہ ہے ،مشیر صحت پنجاب

منگل 9 دسمبر 2014 22:58

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کہ انسداد پولیو مہم جاری رہے گی جس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ قومی کاز ہے جس میں آئندہ نسل کی صحت و بقاء کا مسئلہ ہے ۔ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں گے اس سلسلے میں ہر ٹیم کے ساتھ سیکورٹی اہلکار بھی تعینات ہو گا ۔

انہوں نے ڈیوٹی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر کی ہلاکت کے واقعہ پر فیصل آباد کا دورہ کیا اور یونین کونسل نمبر 228 پیپلزکالونی میں وقوع پذیر ہونے والے اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں ۔وہ ڈی سی او نور الامین مینگل اور ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر وقار صادق کے ہمراہ مقتول سکول ٹیچر پولیو ورکر کی رہائش گاہ وارث پورہ میں گئے اور سوگوار خاندان کو وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اہل خانہ سے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا اور کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتارکر لیا جائے گا ۔ مشیر صحت پنجاب نے غمزدہ خاندان کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سے انکی مالی امداد کی بھی درخواست کی جائے گی جبکہ مقتول کے بیٹے کے لئے سرکاری ملازمت کا بندوبست کریں گے ۔انہوں نے مقتول پولیو ورکر کے ہمراہ ڈیوٹی کرنے والی رضا کار خاتون سعدیہ مبین کو بھی سرکاری محکمہ میں بھرتی کرنے کا وعدہ کیا۔

متعلقہ عنوان :