پنجاب میں پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو سو فیصد سیکورٹی فراہم کی جائے گی ‘ چیف سیکرٹری پنجاب ،

صوبہ میں ہر پولیو ٹیم کیساتھ 2 پولیس کانسٹیبل تعینات کئے گئے ہیں ، مہم کا دورانیہ 3سے بڑھا کر 5دن کر دیا ہے ‘ نوید اکرم چیمہ

بدھ 10 دسمبر 2014 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں جاری پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پولیو ٹیموں کو سو فیصد سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے پنجاب میں جاری پولیو مہم کی ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کہی ۔اس موقع پر وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ ، سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب ، کمشنر لاہور ، سیکرٹری انفارمیشن اور ڈی سی او لاہور بھی موجود تھے ۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صوبہ کو پولیو فری بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں او رپولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مہم کا دورانیہ 3 دن سے بڑھا کر 5 دن کر دیا گیا ہے تاکہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ اگر پنجاب کا موازنہ دوسروں صوبوں کے ساتھ کیا جائے تو پولیو کے خاتمے کے لئے جو مشکلات سیکورٹی کے حوالے سے دوسرے صوبوں کو درپیش ہیں وہ پنجاب میں نہیں ہیں ۔

پنجاب کے اندر صرف چند حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کو سیکورٹی کے مسائل ہیں او ران علاقوں میں پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں ہر پولیو ٹیم کے ساتھ 2 پولیس کانسٹیبل تعینات کئے گئے ہیں تاکہ انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کی جا سکے ۔ بعد ازاں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے پنجاب کے تمام ڈویژنوں میں پولیو ٹیموں کو فراہم کی گئی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا ۔

متعلقہ عنوان :