متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام آندھی اور طوفانی بارش سے متاثرہ گڈاپ ٹاؤن اور لیاری میں تین بڑے طبی کیمپوں کا انعقاد کردیا

اتوار 24 جون 2007 11:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2007ء) متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام آندھی اور طوفانی بارش سے متاثرہ گڈاپ ٹاؤن اور لیاری میں تین بڑے طبی کیمپوں کا انعقاد کردیا گیا ہے جہاں ایم کیو ایم میڈیکل ایڈکمیٹی کے ماہر ڈاکٹر ز اور پیر امیڈیکل اسٹاف کے عملے نے متاثرین کو علاج و معالجہ سہولیات فراہم کرنا شروع کردیں ہیں یہ طبی کیمپ گڈاپ ٹاؤن اور لیاری کے علاقے خادم حسین سولنگی اور لاسی گوٹھ میں قائم کئے گئے ہیں جہاں بارش سے متاثرہ سینکڑوں نوجوان بزرگ خواتین اور بچوں کا ڈاکٹرز تفصیلی معائنہ کررہے ہیں اور انہیں ادویات مفت فراہم کررہے ہیں طبی کیمپ کے انعقاد کے ساتھ ہی یہاں مریضوں کا ایک جم غفیر دکھائی دیا جو بارش کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

ادھر خادم حسین سولنگی گوٹھ میں ایک دیوار گرنے کے حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کو حق پرست سٹی گورنمنٹ کے ناظم اعلی سید مصطفی کمال کی ہدایت پر پٹیل اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے دریں اثناء ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن شعیب احمد بخاری نے پٹیل اسپتال کا دورہ کیا اور دیوار گرنے کے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں وہ کچھ زخمیوں کے ہمراہ رہے اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی