لاہور کی تاجر تنظیموں نے 15دسمبر کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

15دسمبر کو لاہور کی تمام مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلیں گی اور روزمرہ کی طرح کاروبار اورتجارتی لین دین ہوگا تاجرطبقہ ملک کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتا ہے، خصوصی اجلاس سے لاہور کی مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں کا خطاب، تاجر برادری 15دسمبر کی ہڑتال کی کال کے موقع پر کسی بھی شرانگیزی پر صبر کا دامن تھامے رکھیں‘رکن قومی اسمبلی پرویز ملک

بدھ 10 دسمبر 2014 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء ) صوبائی دارالحکومت میں واقع مختلف تجارتی مراکز سے تعلق رکھنے والی نمائندہ تاجر تنظیموں نے ملک میں انتشاراور دھرنوں کی سیاست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے15 دسمبر کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تاجر طبقہ ملک کو پھلتا پھولتا اور آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہے مگر کچھ ناعاقبت اندیش سیاست دان ملکی معیشت اور امن و آشتی کی فضا کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ہڑتال، دھرنے یا ہڑبونگ کی سیاست کا حصہ بنی ہے اور نہ ہی اس سے ان کا کوئی تعلق ہے۔ 15 دسمبر کو لاہور کی تمام مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلیں گی اور وہاں پر روزمرہ کی طرح تجارتی لین دین ہوگا۔ تاجر برادری نے اس بات کا اظہاریہاں ہونے والے ایک اجلاس میں تقاریر کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ حب الوطنی کا دم بھرتے ہیں انہیں ہڑتالوں اور دھرنوں کی سیاست کو خیرباد کہہ کر ملکی ترقی میں حصہ لینا ہوگاتاکہ عوام الناس کو درپیش گوناں گوں مسائل سے چھٹکارا دلایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پرامن عزم کی بنیاد پر ہر قسم کے اشتعال کو شکست دیں گے۔ انہوں نے اجلاس میں شرکت کرنے والے نمائندہ تاجر حضرات سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور توڑ پھوڑ کی صورت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور قانون کو کسی بھی صورت ہاتھ میں لینے سے اجتناب کریں۔اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک پرویز ایم این اے نے کہا کہ حب الوطنی تو یہ ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے اور عوام الناس کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے۔

انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ 15 دسمبر کی ہڑتال کی کال کے موقع پر کسی بھی شرانگیزی پر صبر کا دامن تھامے رکھیں اور صبر و تحمل کے ساتھ صورت حال سے نبردآزما ہوں ۔اجلاس کے موقع پر خواجہ احمد حسان کے علاوہ جن تاجر نمائندگان نے خطاب کیا ان میں ممتاز تاجر رہنما خالد پرویز،عنصر ظہوربٹ،لیاقت سیٹھی، خواجہ عامر، اشرف بھٹی، بابر محمود، ناصر سعید غنی، سید سیرت حسین،محبوب سرکی،اظہر فرید مغل، عتیق الرحمن، سلمان خان، رانا محمد یونس، میاں محمد سلیم، میاں عمران خالد، لالہ یاسر، چوہدری عامر صدیق، طارق جاوید، سہیل محمود بٹ، جبریل قمر بٹ، راجہ حمید ریاض، عارف صدیقی، آغا ذوالفقار اور رانا اعجاز احمد شامل ہیں۔