حکومت پاکستان شعائر اسلام کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے، سعودی حکومت مقدس مقامات کا تحفظ یقینی بنائے،مقام ابراہیم ، پورے عالم اسلام کیلئے قابل احترام ہے ،تحریک نفاذ فقہ جعفریہ،

جلوس ہائے چہلم امام حسین کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں لائق تحسین ہیں،شجاعت بخاری کی پریس کانفرنس

جمعرات 11 دسمبر 2014 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت پاکستان شعائر اسلام کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے، سعودی حکومت مقدس مقامات کا تحفظ یقینی بنائے،سید شجاعت بخاری نے کہاہے کہ جلوس ہائے چہلم امام حسین  کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، افسوس مقدس ایام میں بھی سیاستدان من مانیاں کررہے ہیں کسی کو ایام ہائے عزا کا خیال نہیں، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی لائق تحسین ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسلام آباد کے صدر علامہ بشارت حسین امامی، الحاج غلام مرتضی چوہان، سید حسن کاظمی، علامہ سید اخلاق حسین اور علامہ سید زاہد عباس کاظمی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مرکزی کنوینئر محرم کمیٹی عزاداری سیل سید شجاعت علی بخاری نے کہاکہ سعودی عرب میں توسیع حرم کعبہ کے نام پر مقدس مقامات کو منہدم کئے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اس سلسلے میں حکومت پاکستان کو شعائر اسلام کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ہم سعودی حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے اور توسیع حرم کے نام پرمقام ابراہیم  سمیت دیگرمقدس مقامات کے انہدام سے گریز کرے۔ چہلم سید الشہداء حضرت امام حسین  کے حوالے سے سید شجاعت بخاری کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں اور اسی طرح کے انتظامات کئے جائیں جس طرح عشرہ محرم الحرام میں کئے گئے تھے تاکہ شرپسند عناصر اپنی مذموم سازشوں میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔

انہوں نے ایام عز ا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ایام عزا کا سلسلہ 1 محرم سے 8ربیع الاول تک جاری رہتاہے لیکن افسوس ان مقدس ایام میں بھی سیاستدانو ں کواپنی مصروفیات سے فرصت نہیں اور نواسہ رسول کے غم کی بجائے اپنے اپنے سوگ منارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو بدترین دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب شروع کیاجو کامیابی سے ہمکنار ہوا اور پاک فوج کی ہمت ، شجاعت لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر انہوں نے 23 تا29 صفر المظفر ہفتہ عظمت مصطفی و مجتبیٰ  منانے اور یکم تا 8ربیع الاول ہفتہ عہد و پیمان و 9ربیع الاول کو یوم مختار آل محمد منانے کا بھی اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :