ایبولا وائرس سے صحتیاب افراد”سال کی شخصیت“ قرار ،

ٹائم میگزین نے مہلک وائرس کا مقابلہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نواز دیا

جمعرات 11 دسمبر 2014 19:13

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء)ٹائم میگزین نے مہلک وائرس ای بولا سے متاثرہ مریضوں اور ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو سال 2014ء کی شخصیت قرار دیا ہے اور انھیں ایوارڈ سے نوازا ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق اس مہلک وائرس سے لاحق ہونے والے مرض سے اب تک چھے ہزار تین سو سے زیادہ افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق براعظم افریقہ کے مغربی ممالک سے ہے۔

اس وقت گنی ،لائبیریا اور سیرالیون میں ای بولا وائرس سے متاثرہ گیارہ ہزار سے زیادہ مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ٹائم کی ایڈیٹر نینسی گبس نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ٹائم میگزین کے ایڈیٹروں نے ای بولا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کی ایک بڑی تعداد کو ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ایسے وقت میں اپنی خدمات پیش کی تھیں جب ڈبلیو ایچ او حالتِ انکار میں تھا اور حکومتیں بروقت اس کے علاج کے لیے اقدامات میں ناکام رہی تھیں۔

نینسی گبس نے اسی ہفتے اس سال کی آٹھ نمایاں شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔عراق کے خود مختار علاقے کردستان کے صدر مسعود بارزانی کو بھی سال 2014ء کی شخصیت کے ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا لیکن وہ یہ ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔ان کے علاوہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ، ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کک ،علی بابا کے بانی اور چین کے انٹرنیٹ ٹائیکون جیک ما اور روسی صدر ولادی میر پوتین کے نام بھی اس فہرست میں شامل تھے۔

امریکی ریاست میسوری کے علاقے فرگوسن میں کالی رنگت کے ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف پرتشدد احتجاج کرنے والے مظاہرین بھی ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔میگزین کے مطابق سال کی بہترین شخصیت کا اعزاز اس فرد کو دیا جاتا ہے جو بہتر یا بدتر بنا پر خبروں میں چھایا رہا ہو۔تاہم سال کی شخصیت کے انتخاب کا حق ٹائم میگزین کے ایڈیٹروں کو حاصل ہے۔ٹائم میگزین نے گذشتہ سال رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس کو سال کی نمایاں شخصیت قرار دیا تھا اور انھیں ایوارڈ سے نوازا تھا۔ان کے مدمقابل مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی تھے اور یہ دونوں شخصیات پورا سال خبروں میں چھائی رہی تھیں۔