پراونشل ایمرجنسی آپریشن سینٹربرائے انسداد پولیو قائم کر دیا گیا ،

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نے انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ہمراہ سینٹر کا افتتاح کیا

جمعرات 11 دسمبر 2014 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء ) صوبہ پنجاب میں انسداد پولیو کے لئے جاری اقدامات اور منصوبہ بندی کو زیادہ موثر بنانے ، ڈسٹرکٹ کی سطح پر انسداد پولیو کی سرگرمیوں کی نگرانی اور مرکز و دیگر صوبوں سے قریبی رابطہ کے لئے پراونشل ایمرجنسی آپریشن سینٹر فار پولیو اراڈیکشن قائم کر دیا گیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کیا - سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، عالمی ادارہ صحت ، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، یونیسف ، روٹری کلب کے نمائندوں ، محکمہ صحت کے افسران ،منتخب عوامی نمائندوں او رپارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ پنجاب میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ کی جانب سے انسداد پولیو کے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مسلسل محنت کے نتیجہ میں صورتحال کافی بہتر جا رہی ہے اور قومی سطح پر 276 پولیو کیسز میں سے پنجاب میں صرف 3 کیسز ہوئے ہیں تاہم پولیو کے ایک کیس کا ہونا بھی سب کے لئے باعث تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے قیام سے تمام انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور محکمہ صحت کے افسران اور ماہرین کو ایک ہی چھت تلے بیٹھ کر پولیو وائرس کے لوٹرانسمیشن سیزن میں پولیو کے انسداد کے لئے بہتر حکمت عملی وضع کرنے اور ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کرنے کا موقع میسر آ گیا ہے اس طرح نا صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ تمام ماہرین اور منتظمین Concensusکے ساتھ بروقت فیصلے لے سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پراونشل سینٹر سے تمام اضلاع میں قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کی ای مانیٹرنگ ہو سکے گی اور ویکسینیٹرز کی کارکردگی کو بھی سپر وائز کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ EOC میں تمام جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے دیگر صوبوں اور مرکزی حکومت کے حکام اور محکموں کے درمیان قریبی رابطہ ممکن ہو گیا ہے جس سے پولیو کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور اس پر عمل کرنے میں پیش رفت ہو گی۔خواجہ سلمان رفیق نے پولیو کے انسداد میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے پر انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ پارٹرنرز کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :