کنٹری ڈائریکٹر یو ایس ایڈ کی مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کے ساتھ ملاقات،

ای پی آئی، کولڈچین،ویکسین لاجسٹک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، لاہور میں جنوری میں ای پی آئی کانفرنس منعقد کی جائے گی‘ملاقات میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویزکی شرکت

جمعہ 12 دسمبر 2014 20:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء) پاکستان میں یو ایس ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق نے تین رکنی وفد کے ہمراہ مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ وفد میں یو ایس ایڈ پنجاب کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار چیمہ اور ڈاکٹر انعام اللہ شامل تھے جبکہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

یو ایس ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ ان کا ادارہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ویکسین کی فراہمی،ویکسین سٹوریج کے لئے کولڈ چین سسٹم، ٹی بی کے مرض کے علاج کی ادویات ، ضلعوں میں ویکسین لاجسٹک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم(VLMIS) کی تیاری اور سٹاف کی تربیت کے منصوبوں میں تعاون فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر نثار چیمہ نے بتایا کہ یو ایس ایڈ نے ویکسئین سٹور کرنے کے لئے تمام اضلاع کو جدید ریفریجریٹرز(ILRS) فراہم کئے ہیں اور کولڈ چین کو فنکشنل رکھنے اور ان کی مانیٹرنگ کے لئے اب تک 13 اضلاع میں ویکسین لاجسٹک مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ ویکسین اور دیگر لاجسٹکس کو سٹور کرنے کے لئے بین الاقوامی معیار کے وئیر ہاؤسز لاہور اور ملتان میں قائم کرے گا۔خواجہ سلمان رفیق نے ہیلتھ کیئرمینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے اور EPI کوریج اور کولڈ چین سمیت مختلف شعبوں میں محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ وسیع تعاون پر یو ایس ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں روٹین ایمونائزیشن کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں مزید اقدامات کا فیصلہ کیا گیا اور جنوری کے پہلے ہفتہ میں ای پی آئی کانفرنس منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں تمام انٹر نیشنل پارٹنرز کے علاوہ طبی ماہرین اور عوامی نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

سیکرٹری صحت نے ڈی جی ہیلتھ کو کانفرنس کے انتظامات فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے قابل مرمت میڈیکل آلات اور کولڈ چین کی رپیئر کروائی جائے گی اور محکمہ صحت کی بائیو میڈیکل ورکشاپس کو بھی اپ گریڈ کرانے میں بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔ یو ایس ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر نے محکمہ صحت کے ساتھ جاری تعاون کو مزید فروغ دینے اور ضلع کی سطح پر ہیلتھ کے اداروں کی جوائنٹ مانیٹرنگ،مانیٹرنگ آف دی مانیٹرز اور سٹاف کی کپیسٹی بلڈنگ میں ٹیکنیکل اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی۔

متعلقہ عنوان :