سندھ کابینہ نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ریسکیو اور ریلیف کے کام کیلئے ہیلی کاپٹر خرید کرنے کی منظوری دیدی،

وزیراعلیٰ سندھ نے خشک سالی سے متاثرہ تھرپار کر میں 6,000مفت گھروں کی تعمیر کیلئے سروے کی بھی منظوری دی، تھر میں صحت کی سہولتوں میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے، بنیادی صحت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، وزیر صحت ، ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو مئوثر سیکیورٹی فراہم کی جائے غفلت کی صورت میں قانونی کاروائی کی جائیگی ، وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 12 دسمبر 2014 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء) سندھ کابینہ نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ریسکیو اور ریلیف کے کام کے لئے 15.95ملین ڈالر کی لاگت سے ایک ہیلی کاپٹر خرید کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ ہیلی کاپٹر خرید کرنے کے لئے قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین شاذر شمعون نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کو بریفینگ میں بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی خریداری کے لئے پی ڈی ایم اے ، ایس پی پی آر اے کی ویب سائیٹس اور قومی و عالمی اخباروں میں اشتہارات دیئے گئے تھے۔

جن کے ذریعے ہیلی کاپٹر کی خریداری میں 8پارٹیوں نے بولی کے فارم وصول کئے لیکن ان میں سے صرف ایک اطالوی کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ نے سودے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی وی آئی پی فلائٹس کے چیف پائلٹ نے تکنیکی بڈ کا جائزہ لیا اور اسے سود مند قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ کابینہ کی منظوری سے خریداری کمیٹی کو 12سیٹر ہیلی کاپٹر AW139، 15.95ملین ڈالر کی لاگت سے خرید کرنے کے لئے معاہدے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دو علیحدہ آرڈیننس کے ذریعے تھر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کوہستان ڈولیپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا جن کے لئے انہوں نے صوبائی محکمہ قانون کو ایک ہفتے کے اندر مطلوبہ قوائد و ضوابط پورے کرنے کی ہدایت جاری کی۔ صوبائی وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن کی تجویز پر وزیراعلیٰ سندھ نے خشک سالی سے متاثرہ تھرپار کر میں 6,000مفت گھروں کی تعمیر کے لئے سروے کرنے کی بھی منظوری دی ۔

اس تجویز کے تحت تھرپارکر میں 6,000گھر تعمیر کئے جائیں گے اور گھر دو کمروں برآمدے اور چار دیواری پر مشتمل ہوگا ۔ اس منصوبے میں صحت ، تعلیم ، فراہمی و نکاسی آب اور تفریحی سہولیات بھی موجود ہونگی ۔ اس منصوبے میں ایک تجارتی مرکز بھی قائم کیا جائیگا جہاں مویشی کالونی و ڈیر فارم و دیگر تجارتی سہولیات بھی میسر ہونگی ۔ تعمیر کیئے جانے والے یہ گھر خشک سالی سے متاثرہ تھرپارکر کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے افراد کو مفت دئے جائینگے جوکہ 99سال تک نا قابل فروخت ہونگے ۔

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر نے صوبائی کابینہ کو بریفینگ میں بتایا کہ تھر میں صحت کی سہولتوں میں بڑی حد تک بہتری آئی ہے اور ہم نہ صرف تھرپارکر میں بلکہ پورے صوبہ سندھ میں بنیادی صحت کو مزید مستحکم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ کی شکایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کندھ کوٹ سے اغوا کئے گئے ہندو کمیونٹی کے دو افراد کی فوری بازیابی کے لئے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت دی ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو مئوثر سیکیورٹی فراہم کی جائے غفلت کی صورت میں قانونی کاروائی کی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ انہوں نے لاپتہ افراد اور مسخ شدہ لاشوں کے برآمد ہونے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ سے بات چیت کی ہے جنہو ں نے اس ضمن میں اپنی وزارت کے حوالے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے احتجاج کو سیاسی و انتظامی طور پر بہتر طریقے سے ڈیل کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی حکمت عملی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :