جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی،سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے جواب طلب کرلیا

ہفتہ 13 دسمبر 2014 15:43

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے جعلی اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی سے متعلق دائر درخواست پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عزیز الرحمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گذار یونائیٹڈ ہیومن رائٹس کمیشن کے رانا فیض الحسن نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ملک بھر میں 6لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹرز کیلنکس چلارہے ہیں ،جن میں سے 60ہزار سے زائد عطائی ڈاکٹرز کراچی میں کام کررہے ہیں ۔

ان ڈاکٹروں کے پاس میڈیکل کے شعبے کی اسناد نہ ہونے کے باعث موثر انداز میں لوگوں کا علاج نہیں کیا جارہا ہے ۔جبکہ قوانین موجود ہونے کے باوجود حکومت بھی عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے ۔درخواست گذار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ شہر سے عطائی ڈاکٹروں کو مکمل طور پر ہٹایا جائے او ر ان کے کلینکس سیل کیے جائیں ۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8جنوری تک جواب طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :