حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے،محمد اکبر حریفال

ہفتہ 13 دسمبر 2014 20:59

قلات( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر محمد اکبر حریفال نے کہا ہے کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں قلات ڈویژن سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کردیں گے کیونکہ پولیوکے موذی مرض سے لاحق ہونے والے بچے معذور ہوکر عمر بھر کے لئے معاشرے پر بوجھ بن جاتے ہیں ، صوبائی حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار میں جاری پولیو مہم کے دوران مختلف علاقوں کے معائنہ کے موقع پر کیا اور بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر محمد انور ریکی نے کمشنر قلات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع خضدار کی 40یونین کونسلوں میں ایک لاکھ انیس ہزار (119000) بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جن کے لئے 360ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چار ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر قلات ڈویژن نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کئے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں۔ علماء کرام ،عوامی نمائندوں سمیت ہرمکتبہ فکر کے افراد کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موذی مرض کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے ہم سب کو اپنامثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکروں کو تمام سہولیات اور سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ پولیو کوجڑسے ختم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :