تعلیم اور صحت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر نوجوان نسل کو انسانیت کا درس دیناہوگا،میر رحمت صالح بلوچ

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:18

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء ) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ہمیں رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر اپنی نوجوان نسل کو انسانیت کا درس دیناہوگا سفارشی کلچر نے عوام کے ذہنوں کو کرپٹ کردیا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں اوپل کراؤن انگلش میڈیم سکول کی سالانہ تقسیم تقریب انعامات سے خطاب کر رہے تھے تقریب سے صدر پرائیویٹ اسکولز حنیف خوندئی ، اوپل کراؤن انگلش میڈیم سکول کے پرنسپل طاہر خان اچکزئی ، سید عصمت شاہ بخاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث سرکاری سکولز کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے تھے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اقتدار سنبھالتے ہی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا اور دونوں محکموں کے بجٹ میں بھی خطیر اضافہ کیا گیا جس کے نتیجے میں اسکولوں میں طلباء و طالبات کو جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت شہری سرکاری اورپرائیوٹ اسکولوں کواپنا اثاثہ سمجھ کر اسکی حفاظت کرنی چاہئے کیونکہ جہاں مستقبل کے معماروں کو تعلیم دی جارہی ہے اساتذہ اسکولوں میں طلباء و طالبات کوا نسانیت کی قدر کرنا سکھائیں۔انہوں نے کہا کہ نے صوبے میں ایک میڈیکل یونیورسٹی اور 3میڈیکل کالجز قائم کرنے کااعلان کیا تھا جن پر کام مکمل ہوچکا ہے اور جلد ہی ان میں کلاسز شروع کردی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے مستقبل کے معمار ہیں انکی تعلیم و تربیت پر ہمیں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ کل بڑے ہوکر ملک کی باگ ڈور سنبھال سکیں ۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ سفارش کلچر نے عوام کے ذہن کو کرپٹ کردیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اساتذہ اور ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کا پابند بنایا اور میرٹ کے مطابق فیصلے کئے جس کے مثبت نتائج عوام کے سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی صوبے میں تعلیم کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ ، حنیف خوندئی ، طاہرخان اچکزئی اور سید عصمت شاہ بخاری نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :