جلد کسانوں کا کنونشن منعقد کیا جائے گا اور ان کی ڈیمانڈ کے مطابق بھر پورزرعی سہولیات میسر کی جائیں گی‘سیکرٹری خوراک و زراعت

آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں کسانوں کے لیے تربیتی کورسز منعقد کیے جائیں گے اور جدید طریقوں سے آگاہی مہم چلائیں گے ‘ ناظم اسما ء محکمہ بروقت کھاد ، بیج و ادویات فراہم کرے تو کسانوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے ‘ شرکاء تربیت

پیر 15 دسمبر 2014 12:37

ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔15دسمبر 2014ء)ایکسٹینشن سروسز مینجمنٹ اکیڈمی (اسما) گڑھی دوپٹہ نے ڈڈیال میں کسانوں کے لیے سبزیات کی کاشت سے متعلق تربیت کا انعقادکیا جس کے مہمان خصوصی محمد ادریس تبسم ، سیکرٹری خوراک ، زراعت ، امور حیوانات ، آبپاشی و اسما تھے ۔ مہمان خصوصی نے شرکاء تربیت سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بہت جلد زمینداران کا کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں ہر گاوٴں اور ہر گھر سے کسانوں کی نمائندگی ہو گی اور کسانوں کی ڈیمانڈ کے مطابق ان کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا اور حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی مہمان خصوصی نے کسانوں میں سبزیات کے بیج تقسیم کیے اور فرمایا کہ یہ حکومتی پالیسی ہے۔

ہم کب تک دور دراز سے آمدہ باسی سبزی و پھل استعمال کرتے رہیں گے ،ہمیں اپنے کسانوں کو بھرپور سہولیات میسر کرنا ہوں گی تاکہ ہم سبزیوں اور پھلوں میں نہ صرف خود کفیل ہو سکیں بلکہ برآمد بھی کر سکیں ، سیکرٹری زراعت کسانوں میں گھل مل گئے اور باہمی گفت و شنید کی مزید فرمایا کہ میرے دروازے ہر وقت کسانوں کے لیے کھلے ہیں اور جو مجھ سے ہو سکے ان کی خدمت و فلاح و بہبود کو اپنا فریضہ سمجھتا ہوں ۔

(جاری ہے)

ناظم اسما، گڑھی دوپٹہ نے مہمان خصوصی اور شرکاء تربیت کو کورس میں آمد پر خوش آمدید کہا اور غذا میں سبزیات کی اہمیت سے آگاہ کیا ، ڈاکٹر امتیاز احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت میرپور و محمد شفقت ، ریسرچ آفیسر منگلا نے لیکچر دیے کسانوں نے تربیت میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا سوالات پوچھے اور اس قسم کے تربیتی کورس آئندہ بھی منعقد کرنے کے لیے ڈیمانڈ کی شرکاء تربیت کی تواضع چائے اور کھانے سے کی گئی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈڈیال، محمد شوکت خان ، دوران تربیت موجود رہے ۔