Live Updates

”پی ٹی آئی کے کارکن دو روز قبل عمران خان کا دیا گیا سبق بھول گئے “،

احتجاج کے دوران راستہ نہ ملنے کے باعث چار مریضوں کو بروقت ہسپتال نہ پہنچایا جا سکا ،راستے میں ہی دم توڑ گئے، شاہدرہ ہسپتال سے ریفر ہونے والی 17 دن کی سدرہ ریاض ، گوجرانوالہ کے کاشف اسلم کی نومود بچی چلڈرن ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گئیں، 65 سالہ امانت دل کا مریض پی آئی سی نہ پہنچ سکا ،15 سالہ نوجوان کی بھی ایمولینس میں دم توڑ جانے کی اطلاع ملی ہے‘ مشیر صحت پنجاب، ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کا راستے بند ہونے پر شدید احتجاج ،پی ٹی آئی اور اسکی قیادت کیخلاف نعرے بازی احتجاج کے دوران کہیں ٹریفک جام میں پھنس کر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی ہے تو معذرت چاہتے ہیں‘ شاہ محمود قریشی

پیر 15 دسمبر 2014 18:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران راستہ نہ ملنے کے باعث چار مریضوں کو بروقت ہسپتال نہ پہنچایا جا سکا جو راستے میں ہی دم توڑ گئے،ہلاک ہونے والوں کے ورثاء نے راستے بند ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور اسکی قیادت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے دو روز قبل کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ احتجاج کے دوران ایمبولینسوں اور میڈیا کو راستہ دیں لیکن انکی اپیل پر کہیں بھی عمل نہ ہوا ۔

پی ٹی آئی کی طرف سے گزشتہ روز مختلف مقامات پر راستے بند کر کے احتجاج کیا گیا جسکی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل رہا ۔ مختلف مقامات پر ٹریفک جام میں ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں اور مریضوں کے ساتھ آنیوالے انکے عزیز و اقارب راستہ دینے کے لئے ترلے منتیں کرتے رہے۔

(جاری ہے)

چونگی امر سدھو، ٹھوکر نیاز بیگ اور شاہدرہ میں احتجاج اور ٹریفک کیوجہ سے پھنسی ایمبولینسز سائرن بجاتی رہیں لیکن احتجاج کرنے والے کارکن اپنے نعروں میں مگن رہے۔

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے اپنے بیان میں ہسپتال ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے حوالے سے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی گھیراؤ جلاؤ کی سیاست نے متعد مریضوں کی جان لے لی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کاکنوں نے شہر کے داخلی راستوں کو بند کر دیا جس کے نتیجے میں شاہدرہ ہسپتال سے تشویشناک حالت میں چلڈرن ہسپتال ریفر ہونے والی 17 دن کی ننھی بچی سدرہ ریاض اور گوجرانوالہ کے کاشف اسلم کی نومود بچی چلدرن ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گئی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ریسکیو1122 کے ذرائع کے مطابق 65 سالہ امانت دل کا مریض پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نہیں پہنچ سکا۔ علاوہ ازیں ایک 15 سالہ نوجوان کی بھی ایمولینس میں دم توڑ جانے کی اطلاع ملی ہے۔لڑکے کے والد کے مطابق انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی بہت منتیں کیں تاہم انہوں نے راستہ نہیں دیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی قیمتی جانیں پی ٹی آئی کی پرتشدد اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی بھینٹ چڑھ گئیں جو انتہائی قابل مذمت ہے اورعمران خان کو ان ہلاکتوں کا دنیا وآخرت میں حساب دینا ہو گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تاجروں کو دھمکیاں دینا، زبردستی دکانیں بندکرنا،شہریوں کو ہراساں اور ماریپیٹ کرنا ٹائر جلا کر سڑکیں بند کرنا سیاست نہیں بلکہ فاشسٹ ازم ہے جس کا برملا مظاہرہ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کیا اور میڈیا کے ذریعے پوری دنیا نے عمران خان کی ساست کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوں کو پرامن رہنے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ کارکنوں کو ایمبولینسوں کو جگہ دینے کی بھی واضح ہدایت کی گئی تھی لیکن احتجاج کے دوران اگر کہیں ٹریفک جام ہوا اور اس میں پھنس کر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات