وزیراعلیٰ پنجاب کی سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت ،معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار،

سوگوار خاندانوں کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت، زخمی ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی جلد صحت یابی کی دعا

منگل 16 دسمبر 2014 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پشاور کے علاقے ورسک روڈ پرسکول پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے حملے میں معصوم بچوں اور دیگر افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اورسوگوار خاندانوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کااظہار کرتے ہوئے زخمی ہونے والے بچوں اور اساتذہ کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکول پرحملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ سکول کے اندر بچوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے ۔ بچوں کو نشانہ بناناسفاکی کا بدترین واقعہ ہے ۔پشاور کے سکول پر دہشت گردوں کے حملے میں معصوم بچوں کی شہادت ایک قومی سانحہ سے کم نہیں۔ پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے۔