میاں افتخار حسین کی سانحہ پشاور کی مذمت،زخمی طلباء کی صحتیابی کیلئے دعا

منگل 16 دسمبر 2014 21:52

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے ورسک روڈ پر آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے اور اس میں سو سے زائد بے گناہ ، معصوم اور قیمتی جانوں کے ضیاع کی سخت الفاط میں مذمت کی ہے اور حملے میں زخمی ہونے والے طلباء کی صحت یابی کیلئے دُعا کی ہے۔اے این پی کے رہنما نے ایل آر ایچ اور سی ایم ایچ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر زخمی طلباء کی عیادت کی اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور خودخون کا عطیہ بھی دیا۔

اس موقع پر اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے الیکٹرانک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننھے منے پھولوں پر وار کرنا ایک غیر انسانی فعل ہے یہ معصوم پھول ملک و قوم کا مستقبل ہیں ملک و قوم کے مستقبل کو تاریک کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس مذموم کارروائی میں جو بھی ملوث ہیں وہ انسان نہیں درندے ہیں۔ اے این پی کے رہنما نے کہا کہ وزیرستان آپریشن سے عارضی امن قائم ہوا تھا لیکن حکومت نے غفلت سے کام لیا اور اس کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے دہشتگرد پھر سے منظم ہونے لگے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم سیاسی سکورنگ نہیں کرنا چاہتے امن کی بحالی کی خاطرہم حکومت سے ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر اب بھی حکومت نے امن کے حوالے سے اپنی پالیسیوں میں لچک پیدا نہیں کیا اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں اُٹھائے گئے تو حالات مزید بگڑ جائیں گے۔ اُنہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ اپنے سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر قیام امن کیلئے متحد ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :