سردی کے اثرات سے بچنے کے لیے بنفشہ ، برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی مفید ہے‘ حکماء کا مشورہ

بدھ 17 دسمبر 2014 13:33

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) ماہرین صحت کے مطابق موسم سرمامیں شدید دھند اور سرد ہوائیں پھیپھڑوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ اس لیے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری دوائیں اور احتیاطی تدابیر پر پہلے ہی عمل پیرا ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارحکیم محمد اعجاز فاروقی،حکیم محمداحمد سلیمی ، حکیم سید عمران فیاض،حکیم افضل میو ،حکیم عمر فاروق گوندل، حکیم محمد اسماعیل ، حکیم غلام مرتضی مجاہد ، حکیم وسیم انور ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم عطا ء الرحمان صدیقی اور حکیم حامد محمودنے موسم سرما کی احتیاطی تدابیر کے موضوع پر منعقدہ طبی مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔

حکماء نے کہا کہ موسم سرما کے صحت پر رونما ہونے والے برے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے گرم پانی میں آدھا لیموں نچوڑ کر خالص شہد ملا کر گھونٹ گھونٹ پینا مفید ہے۔

(جاری ہے)

لونگ، دار چینی، سیاہ مرچ اور سونٹھ(زنجبیل) کے سفوف کی ایک چٹکی گرم قہوے میں ملا کر شہد سے میٹھا کر کے پینا مفید ہے۔ اس سے جسم میں حرارت بڑھتی ہے اور قوت مدافعت میں اضافہ ہوتاہے۔

ان کے علاوہ بنفشہ اور برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی بھی اس موسم میں مفید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم سرما میں جلدی امراض ، کھانسی ،جوڑوں کا درد اور دیگر بلغمی امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کے لیے مناسب ہے کہ پانی میں تھوڑی سی گلیسرین ملا لی جائے یا غسل سے پہلے زیتون یا تلوں کا تیل جسم پر مل لیا جائے اس سے جِلد کی پرتیں نہیں اترتیں اور خشک خارش بھی نہیں ہوتی۔اس موسم میں چہرے کی حفاظت کریں اس مقصد کے لیے گلیسرین اور لیموں کا رس عرق ِ گلاب میں ملا کر لگانا مفید ہے۔