پیپلز پارٹی کے وفد کا چےئرمین سینیٹ نےئر حسین بخاری کی قیادت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پشاور کا دورہ ، زخمیوں کی عیادت کی،

دہشتگردوں کے مکارانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے ،مضبوط ہونگے اور قوم دہشتگردوں کو چن چن کر ماریگی ‘ منظور وٹو، پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کی آنرشپ لے لی ہے ،دہشتگردو ں کے مکمل صفایا تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی‘ قمر زمان کائرہ

بدھ 17 دسمبر 2014 20:06

پشاور /لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) پیپلز پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چےئرمین سینیٹ نےئر حسین بخاری کی قیادت میں آج لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشتگردی کے بزدلانہ حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور انکی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے قائدین نے سوگوار خاندانوں نے دلی تعزیت کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحومین کے بلندی درجات کے لیے دعا کی ۔

اس وفد میں میاں منظور احمد وٹو صدر پیپلز پارٹی پنجاب، خان زادہ خان، صدر پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، نذر محمد گوندل، تنویر اشرف کائرہ، فیصل کندھی، نور عالم خان اور سینیٹر فرحت اللہ بابر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مکارانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے اور مضبوط ہونگے اور قوم دہشتگردوں کو چن چن کر مارے گی اور یہ سلسلہ اسوقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشتگرد مارا نہیں جاتا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کی سب سے بڑی مظلوم ہے کیونکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دوسرے کارکنوں کو اس دہشتگردی نے شہید کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی اور پاکستانی فوج کو بھی ان دہشتگردوں نے بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ چےئرمین بلاول بھٹو نے ملک کی تمام سیاسی قیادت نے پہلے بڑا واضح موقف اختیار کیا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف طاقت کا استعمال ناگزیر ہے کیونکہ یہ لوگ صرف طاقت اور طاقت کی زبان ہی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے پارٹی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ان دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے جن کو یہ بندوق کی نالی کے ذریعے عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی اکثریت جمہوریت اور امن پسند ہے اور وہ دہشتگردو ں کی فضو ل اور دقیانوسی نظریات کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ اس موقع پر قمرزمان کائرہ نے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی آنرشپ لے لی ہے اور وہ دہشتگردو ں کے مکمل صفایا تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک لمبی جنگ ہو گی لیکن قوم اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔ وفد نے پشاور کے دورے کے دوران حاجی غلام احمد بلور ، ایم این اے اور سینیٹر الیاس بلور سے بشیر احمد بلور کے جواں سال بیٹے کی وفات پر تعزیت کی جو کچھ دن پہلے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔