قطبِ شمالی کی گلہریاں موسمیاتی تبدیلوں میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں ‘سائنسدان

جمعرات 18 دسمبر 2014 12:27

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)سائنس دانوں نے کہا ہے کہ قطبِ شمالی کی گلہریاں موسمیاتی تبدیلوں میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ اس زمینی جانور کی وجہ سے مستقل طور پر منجمد رہنے والی زمین سے گرین ہاوٴس گیس کے اخراج میں تیزی آتی ہے۔واضح رہے کہ قطبِ شمالی کے منجمد علاقے میں کاربن کا بڑا منجمد ذخیرہ ہے۔

گلہریوں پر تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے کی جنگلی حیاتیات کے کردار کو پوری طرح نہیں جانچا جا سکا۔امریکہ میں میساچوسٹس کے وڈز ہول ریسرچ سنٹر کی ڈاکٹر سو نیٹلی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ جنگلی حیاتیات روئیدگی کے عمل کو متاثر کرتی ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ سبزہ زمینی کاربن کے پگھلنے پر اثرانداز ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پہلے ہمارا جو تصور تھا یہ ان سے کہیں زیادہ اثر ڈالتے ہیں اور یہ ایک ایسی چیز ہے جس کے بارے میں ہم مستقبل میں خیال رکھیں گے۔

‘قطبِ شمالی کے منجمد علاقے میں برف کے نیچے سالوں بھر زمین منجمد رہتی ہے اور یہ وہ علاقہ ہے جہاں کاربن وافر مقدار میں موجود ہے۔ڈاکٹر نیٹلی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ منجمد برف میں کاربن دسیوں ہزار سال سے جمع ہو رہی ہے۔ یہاں درجہ حرارت بہت کم ہوتا ہے، زمین تر رہتی ہے اس لیے جب پودے یا جانور مرتے ہیں تو وہ سڑنے یا تحلیل ہونے کے بجائے رفتہ رفتہ کاربن بن جاتے ہیں۔