ہم حالت جنگ میں ہیں اب سخت فیصلوں کا وقت آگیا ہے،سید نیئر حسین بخاری،

چیئرمین سینیٹ کا آرمی پبلک سکول ورسک روڈ پشاور پر حملہ میں زخمی ہونے والے اساتذہ و طلبا ء کی عیادت کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ ۔

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری آرمی پبلک سکول ورسک روڈ پشاور پر حملہ میں زخمی ہونے والے اساتذہ و طلبا ء کی عیادت کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور گئے ۔چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری فرداً فرداً زخمی طلباء کے پاس گئے اور اُن کے حوصلوں کی داد دیتے ہوئے سکول کے طلباء پر حملے کو سانحہ عظیم قرار دیا اور کہا کہ ظلم و بربریت کی انتہا کر دی گئی ۔

چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخار ی نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اب سخت فیصلوں کا وقت آگیا ہے انہوں نے قومی قیادت سے اپیل کی کہ سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے قومی یکجہتی کاعملی ثبوت دیا جائے۔چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے زخمی طلباء اور شہدا کے والدین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے درندگی اور بربریت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی دینے اور پارلیمانی کمیٹی کے قیام بارے میں کہا کہ حکومتی فیصلہ بروقت ہے اور پارلیمانی پارٹیوں کی طرف سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اتحاد کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ ایوان بالاء کے اجلاس میں اراکین سینیٹ حکومت اور اپوزیشن سے بالاتر ہو کر مثالی اتحاد کا مظاہرہ کر کے حق نمائندگی ادا کریں گے ۔

مزید برآں ترک پارلیمنٹ کے سپیکر جمیل چیچک نے چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری کو فون کر کے سانحہ پشاور پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترک عوام اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ۔چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے ترک پارلیمنٹ کے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے پیغام سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہونگے ۔