آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا‘ملک اقبال چنڑ /سید ہارون سلطان بخاری ،

ظالم جہاد کے نام پر دہشتگردی پھیلا رہے ہیں ،پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائیگا ‘ صوبائی وزراء

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ اور وزیر سماجی بہبود سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے سانحہ پشاور سے پاکستانی عوام کے دل زخمی ہوئے ہیں ، ظالم جہاد کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہے ہیں ، قوم حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام بچوں پر خاص شفقت کی ہدایت کرتا ہے یہ دہشت گرداپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہ ہو سکیں گے ۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اٹھارہ کروڑ عوام اس دلخراش واقعہ پر رنجیدہ اور غمزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کو تباہ کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کیا جائے گا ۔ دہشت گردوں کو نشان عبرت بنائیں گے ۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ پوری قوم حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے - پوری قوم اس دکھ اور غم کی گھڑی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔