کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت 29 دسمبر سے شروع ہونیوالی مہم کے انتظامات بارے اجلاس کا انعقاد،

پولیو مہم میں جنگی بنیادوں پر کام کر کے اسے کامیاب بنانا ہوگا، مطلوبہ ہدف حاصل کیا جائیگا، کمبر دشتی

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:25

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی کی زیر صدارت ضلع کوئٹہ میں 29دسمبر2014ء سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالطیف کاکڑ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد یعقوب مری ،محکمہ صحت سماجی بہبود جنگلات ۔تعلیم کے علاوہ بو ائے اسکاوٹس کے نمائندوں نے شرکت کی کمشنر کو ئٹہ ڈویژن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیو مہم میں جنگی بنیادوں پر کام کر کے اسے کامیاب بنانا ہے انہوں نے کہاکہ پولیو وائرس پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے خطرے کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری افراد کے بچے پولیو وائرس کاشکار ہوئے ہیں اور وہ اب ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں مگر ان کے بچے عمر بھر کے لئے معذور ہوچکے ہیں والدین اب پچھتا رہے ہیں اور اب اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلا رہے ہیں مگر پولیو مہم کے دوران کچھ عناصر کی جانب سے بے بنیاد افوائیں پھیلائی جارہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں انہوں نے کہا کہ فریضہ حج کے لئے جانے والے تمام افراد کوبھی پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں وہ بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران مطلوبہ ہدف حاصل کیا جائے گا اس حوالے سے تمام محکموں کے ضلعی ملازمین کی فہرست آج ہی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو فراہم کی جائے تاکہ ان ملازمین کو پولیو مہم کے حوالے سے تربیت دیکر ان کی جائے تعیناتی یونین کونسلوں کی سطح پرکی جائے تاکہ وہ پولیو مہم میں حصہ لے سکیں۔ کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں بھی سینٹر قائم کئے جائیں جہاں نومولود بچوں کو پیدائش کے فوری بعد پولیو کے قطرے پلایا جا ئیں انہو ں نے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فر ضہ ہے اوراسے کامیاب بنا کر اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنا نا ہے اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔