حکومت کی طرف سے قاتلوں اور دہشت گردوں کو جلد پھانسیاں دینی چاہئیں‘ علماء کرام ،

بچوں و عورتوں کا قتل ،انہیں زندہ جلانیوالے خارجیوں کا جہاد سے کوئی تعلق نہیں ، یہ درندے غیر ملکی قوتوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں، معصوم بچوں کا خون بہانیوالے دہشت گردوں کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے‘ افغان جنگ کو سازش کے تحت پاکستان دھکیلا گیا ہے، جماعةالدعو ة کی اپیل پر خطبات جمعہ میں پشاور میں ہونیو الی بدترین دہشت گردی کو موضوع بنایا گیا، شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

جمعہ 19 دسمبر 2014 18:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) جماعةالدعو ة پاکستان کی اپیل پر علماء کرام اور خطباء حضرات کی جانب سے خطبات جمعہ میں پشاور میں ہونیو الی بدترین دہشت گردی کو موضوع بنایا گیااورحکومت پاکستان سے اس امر کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ معصوم بچوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے، بچوں و عورتوں کا قتل اور انہیں زندہ جلانے والے خارجیوں کا جہاد سے کوئی تعلق نہیں ، یہ درندے غیر ملکی قوتوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھا رہے ہیں، پھانسی کی سزاؤں پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پانچوں صوبوں وآزاد کشمیر کی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا، شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اورملکی سلامتی و استحکام اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں،خطبات جمعہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں بچوں کے قتل عام کے تذکرہ پرنماز جمعہ کے اجتماعات میں شریک افراد زارو قطار روتے رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زبردست جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جماعةالدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کو قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ معصوم بچوں کا خون بہانے والے اسلام کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل کر اسلام اور جہاد کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے قاتلوں اور دہشت گردوں کو جلد پھانسیاں دینی چاہئیں۔

نفاذ شریعت کے نام پر معصوم بچوں کا قتل کرنے والے خارجیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ معصوم بچوں نے شہادتیں پیش کر کے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم ان کے سامنے جھکنے والی نہیں ہے ۔ جس طرح ان ظالموں نے معصوم بچوں اور عورتوں کو چن چن کر نشانہ بنایا ہے تاریخ میں اس بدترین دہشت گردی کی مثال نہیں ملتی،یہ انسان نہیں درندے ہیں جو اسلام اور جہاد کا نام استعما ل کر کے فساد پھیلا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتوں نے خطے میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ دہشت گرد انہی کے اشاروں پر ملک دشمن ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمنوں کے خلاف ایک قوت بن جائیں۔یہ وقت ملی اتحاد کا ہے۔حکومت اور سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کودفاع پاکستان کیلئے متحد ہو جانا چاہیے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خارجی اسلام کا نام لیکر معصوم بچوں و عورتوں کا خون بہار ہے ہیں۔افغان جنگ کو سازش کے تحت پاکستان دھکیلا گیا ہے۔میدانوں میں شکست پربزدل دشمن بچوں کے قتل عام پر اتر آیا ہے۔ پوری مسلم دنیا میں سانحہ پشاور پر سوگ منایا گیا لیکن بھارتی حکمران اس پر بہت خوش ہیں اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ اس دہشت گردی کے پیچھے کون ہے؟انہوں نے کہاکہ روس کی طرح امریکہ خطہ میں شکست کے بعد مسلمانوں کو آپس میں لڑا رہا ہے اور بھارت کو خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ہمیں ان سازشوں کو سمجھنا اور ناکام بنانا ہے۔ جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے حیدرا ٓباد سندھ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور اسکول، پریڈ لین مسجد اور مارکیٹوں میں دھماکے کرنے والوں کاجہاد سے کوئی تعلق نہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے کفار کی بی ٹیم ہیں۔بیرونی قوتیں میدانوں میں شکست پرخارجیوں کو مسلمانوں کا خون بہانے کیلئے شہ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پشاور دہشت گردی میں را اور سی آئی اے کا نیٹ ورک ملوث ہے۔ پاکستان پر بہت بڑا حملہ کیا گیا ہے تاکہ مسلمانوں کو خوفزدہ کرکے ان کے موقف سے ہٹایا جائے۔ ہم شہید بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سے کہتے ہیں کہ ایسے سانحات سے بچنے کیلئے پھانسیوں کی سزاؤں پر عمل درآمد کیاجائے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد عثمان بن عفان ڈیرہ غازی خاں میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کو سرعام چوکوں و چوراہوں میں پھانسیاں دی جانی چاہئیں۔

جو لوگ دہشت گردوں کی برین واشنگ کر کے حملے کروا رہے ہیں انہیں بھی پوری قوم کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ و بھارت نے دہشت گردوں کو انڈیا میں پناہ دے رکھی ہے اور وہیں سے انہیں تربیت دیکر پاکستان میں دہشت گردی کیلئے داخل کیا جارہا ہے۔ اب یہ باتیں کھل کر واضح ہو چکی ہیں کہ ساری دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور اس کی اتحادی قوتیں ہیں جو اسے شہ دے رہی ہیں۔

اس موقع پر مولانا امیر حمزہ کی امامت میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد اکی گئی۔جماعةالدعوةکے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ نے نما زجمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور میں دہشت گردوں نے روپ بدل کر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔پاکستا ن کی بیس کروڑ عوام اس سانحہ پر مغموم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس سانحہ کا بدلہ لے گی۔علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین کو چاہیے کہ وہ اسلام کے عظیم عمل جہاد کو بدنام کرنے کی سازشوں سے مسلم امہ کو آگاہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو پھانسیوں کی سزاؤں پرجلد عمل درآمد کرے۔جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفارر وپڑی، امیر جماعت اہلحدیث پنجاب حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کہاکہ دشمن ہماری دفاعی قوت کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کو سخت سزائیں دے۔انہوں نے کہاکہ معصوم بچوں کا خون بہا کر بدترین دہشت گردی کی گئی۔

سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سقوط ڈھاکہ کے دن معصوموں کا خون بہایا گیا۔جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مفتی محمد یوسف طیبی نے جامع مسجد قبا اسلام آبادمیں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خارجی دہشت گرد اسلام اور پاکستان سمیت پوری انسانیت کے دشمن ہیں جو وطن عزیز پاکستان کو خون میں نہلا کر غیرملکی دشمن ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

جماعةالدعوة کے رہنماؤں مولانا سیف اللہ خالد، مولانا محمد شمشاد سلفی، انجینئر نوید قمر، مولانا غلام قادر سبحانی، مزمل اقبال ہاشمی، حافظ محمد فیاض، مولانا رمضان منظور،مولانا عبدالرحمن، مولانا بشیر احمد خاکی و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے مسئلے پر بھارت اور افغانستان سے کھری کھری بات کی جائے۔انڈیا کے افغانستان میں قائم قونصل خانے دہشت گردوں کی نرسریاں ہیں۔بے گناہ مسلمانوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو فی الفور پھانسیوں کی سزائیں دینی چاہئیں۔