ٹانک، شہریوں کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرعملی اقدامات اٹھائے جا رہیں،انجینئر داوڑ خان کنڈی ،

مریضوں تک سرکاری ادویات کی پہنچ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا ،رکن قومی اسمبلی

جمعہ 19 دسمبر 2014 20:16

ٹانک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) ٹانک کے شہریوں کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرعملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ٹانک کے سول ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ شہری صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں ڈیوٹی نہ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مریضوں تک سرکاری ادویات کی پہنچ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی انجینئر داوڑ خان کنڈی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹانک کے دورہ کے موقع پر کیا ۔دورہ کے دوران ٹانک پریس کلب کے صدر آوردین محسود اور دیگر صحافی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات میسر آسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹانک ایک پسماندہ ضلع ہے اور یہاں کے شہریوں کو صحت کی سہولیات میسر کرنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحی ہے اور اس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔

داور خان کنڈی کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو ہر حال میں ممکن بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کو تاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عطاء اللہ برکی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری کو ہر حال میں یقینی بنائیں اور ڈیوٹیوں میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے غلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ بعد میں ممبر قومی اسمبلی داور خان کندی نے صحافیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ٹانک کا بھی دورہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :