سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی عطائیوں کے کلینکوں و میڈیکل سٹورز پر نشہ آور سیرپ ٹائنوکی فروخت دوگنا ہوگئی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 19:39

کامونکے( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء )سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی عطائیوں کے کلینکوں و میڈیکل سٹورز پر نشہ آور سیرپ TIYNOکی فروخت دوگنا ہوگئی، نشئی حضرات شام کے اوقات میں لائنیں لگاکر نشہ آور ادویات خریدتے ہوئے نظر آتے ہیں،محکمہ صحت نے مبینہ طور پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، بتایا گیا ہے کہ ہرسال کی طرح امسال بھی موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سادھوکے،کامونکے اور گردونواح میں واقع عطائیوں کے غیر قانونی شفاخانوں و میڈیکل سٹورز پر نشہ آور ادویات کی خرید فروخت کا دھندا اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور ان نشہ آور سیرپ کی وہ منہ مانگے دام وصول کرکے اپنے اس گھناؤنے کاروبار کو چار چاند لگاتے ہوئے موت تقسیم کررہے ہیں یاد رہے کہ دوسال قبل انہی دنوں میں نشہ آور سیرپ،،TIYNOکے استعمال سے دس کے قریب افراد لقمہء اجل بن چکے تھے عطائیوں کے بقول TIYNOسیرپ عام کھانسی کا شربت ہے اور اسکی فروخت پر کوئی پابندی نہیں نشئی اس میں جب نشہ کو بڑھانے کیلئے خواب آور گولیاں زیادہ مقدار میں شامل کرتے ہیں تو یہ ہلاکت کا باعث بن سکتا ہے، محکمہ صحت کے اہلکار کا کہنا ہے وہ جلد ہی عطائیت کے خلاف مہم چلائیں گے۔