بلوچستان میں پولیو کے مزید دو کیسز منظر عام پر آگئے جس کے بعد رواں سال مجموعی کیسز کی تعداد اکیس ہوگئی،

کوئٹہ میں پولیس، ایف سی اور اے ٹی ایف کی سخت سیکورٹی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا

ہفتہ 20 دسمبر 2014 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) بلوچستان میں پولیو کے مزید دو کیسز منظر عام پر آگئے جس کے بعد رواں سال مجموعی کیسز کی تعداد اکیس ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق متاثرہ بچوں کا تعلق ضلع پشین اور قلعہ عبداللہ سے ہے۔سترہ ماہ کی حفظہ کلی کربلا کی رہائشی ہے جبکہ تیرہ ماہ کے عنایت اللہ کا تعلق قلعہ عبداللہ کی یونین کونسل محمود آباد سے بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یوں رواں سال بلوچستان میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد اکیس ہوگئی ہے دوسری طرف کوئٹہ میں پولیس، ایف سی اور اے ٹی ایف کی سخت سیکورٹی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا۔مہم کے دوران دو لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دوسرے مرحلے کی مہم میں پولیو ورکرز اور رضاکا روں 467 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔