نوشہرہ کینٹ ،دارالعلوم حقانیہ میں سانحہ پشاور کے بعد ملک کو درپیش پریشان کن صورتحال اور امن وا مان بارے میں بخاری شریف کا ختم ،

اسلام ہرگز ایسے اقدامات اور ایک دوسرے کے قتل و قتال کا روادار نہیں، مدارس علم اور امن کے گہوارے ہیں‘مولانا سمیع الحق

ہفتہ 20 دسمبر 2014 23:39

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) دارالعلوم حقانیہ میں سانحہ پشاور کے بعد ملک کو درپیش پریشان کن صورتحال اور امن وا مان کے حوالے سے بخاری شریف کا ختم کرایا گیا،دعائیہ تقریب میں دارالعلوم کے ہزاروں طلبہ اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور جمعیة علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ملک کو درپیش اجتماعی آفات اور چیلنجوں کے موقع پر بخاری شریف کا ختم نہایت آزمودہ اور مجرب علاج ہے۔

صدیوں سے اکابر امت نے اسے آزمایا ہے ۔ آج ملک کو درپیش حالات خانہ جنگی اوردہشت گردی کے پیش نظر تمام مدارس ختم قرآن اور ختم بخاری کا اہتمام کرائیں اس موقع پر معصوم بچوں کے رفع درجات اورپسماندگان کے صبروجمیل کی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

مولاناسمیع الحق نے کہاکہ اسلام ہرگز ایسے اقدامات اور ایک دوسرے کے قتل و قتال کا روادار نہیں، مدارس علم اور امن کے گہوارے ہیں‘ اسلام دشمن عناصر اور ہمارے ملک کے سیکولر اور لبرل ازم کے داعی قوتوں کو دینی مدارس کا وجود روز اول سے کھٹک رہا ہے اور یہ مغربی آقاؤں کو خوش کرنے کا کوئی بھی موقع گنوانا نہیں چاہتے۔

المیہ پشاور کی آڑ میں دینی مدارس ،مساجد اور خانقاہوں کی طرف اپنی زہریلی توپوں کا رُخ پھیرنا ملک کومزید تباہی اور بحرانوں کی طرف دھکیلنا ہے، ہماری دینی جماعتوں اوروفاق المدارس جیسے تمام مکاتب فکر کی تنظیموں نے حکمرانوں اوران لوگوں کو ہمیشہ یہ چیلنج دیا ہے کہ وہ کسی بھی دینی ادارہ میں دہشت گردی کی نشاندہی کریں تو ہم خود مل کر اس کا قلع قمع کریں گے ، مولاناسمیع الحق نے اس ضمن میں وفاق المدارس اور دینی مدارس کے اس المناک سانحہ کے موقع پر بھرپور احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ملک کو معمولی آنچ پہونچنے پر بھی تمام مدارس سد سکندری بن کر میدان میں کھڑے ہوں گے ، اس موقع پر دارالعلوم کے اکابر اساتذہ مولانا انوار الحق ،مولانا ڈاکٹر سید شیر علی شاہ، مولانا مغفور اللہ ،مولانا حامد الحق حقانی ،مولانا سید یوسف شاہ اوردیگر بھی موجود تھے او رملک میں امن وامان اور بیرونی مداخلتوں سے نجات اور شہداء کی مغفرت کے لئے دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :