کراچی میں 500 کے وی کی ٹرانسمشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

ہسپتالوں میں مریضوں کے آپریشن منسوخ کر دیئے گئے بجلی کی عدم فراہمی سے صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا بیرون ممالک میں قریبی عزیزوں سے رابطہ نہ ہوسکا دھند اور نمی کی وجہ سے 500 کے وی کی ٹرانسمشن لائن ٹرپ کر گئی ترجمان کے الیکٹرک

اتوار 21 دسمبر 2014 13:01

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 دسمبر 2014) کراچی میں 500 کے وی کی ٹرانسمشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے آپریشن منسوخ کر دیئے گئے  بجلی کی عدم فراہمی سے صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا  بیرون ممالک میں قریبی عزیزوں سے رابطہ نہ ہوسکا ۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات نیشنل گرڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہونے سے ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، نیو کراچی، کلفٹن، ڈیفنس، نرسری، پی سی ایچ ایس اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی رک گئی ذرائع کے مطابق جناح ، سول اورعباسی شہید ہسپتال میں بھی بجلی منقطع ہوگئی جس نے مریضوں کی پریشانی کو مزید بڑھادیامتاثرہ اضلاع میں حیدرآباد،ٹھٹھہ،ٹنڈومحمدخان ،ٹنڈوالہ یار، بدین، تھرپارکر سمیت دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق بریک ڈاوٴن کی وجہ ہائی وولیٹج ٹرانسمشن لائن میں فنی خرابی ہے انہوں نے بتایا کہ دھند اور نمی کی وجہ سے 500 کے وی کی ٹرانسمشن لائن ٹرپ کر گئی۔کمپنی کے مطابق نقص دور کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بریک ڈاوٴن کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک حکام کو جلد از جلد بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ جولائی میں بھی صوبہ سندھ کے شہر کراچی سمیت کئی شہروں میں جامشورو ٹرانسمشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جامشورو ٹرانسمشن لائن سے 650 میگاواٹ کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جہاں سے لائن ٹوٹنے کی وجہ سے پورا بوجھ کے الیکٹرک کے پیداواری یونٹس پر پڑ گیا اس صورتحال کی وجہ سے شہر کے 1330 فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :