صوبہ بھر کے دارالامانوں میں خواتین و بچوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سوشل ویلفیئر اور اکیڈمی آف فیملی فزیشنز میں ایم او یو پر دستخط

مفاہمت کی یادداشت پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈائریکٹر جنرل محمد یثرب ،اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کی طرف سے فنانس سیکرٹری نوید بھٹی نے دستخط کئے ڈنمارک کی حکومت اس منصوبے کے لئے تمام فنڈز فراہم کر رہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ‘ و زیر سماجی بہبود ہارون سلطان بخاری، صحت کے علاوہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی سماجی اداروں کے ساتھ ملکر باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا‘ سفیر ڈنمارک کی گفتگو

منگل 23 دسمبر 2014 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) صوبہ بھر کے دارالامانوں میں خواتین اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب اور اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سیدہارون سلطان بخاری، سیکرٹری سوشل ویلفیئر کیپٹن(ر) جہانزیب خاں، صدر اکیڈمی آف فیملی فزیشنز پاکستان میاں طارق محمود ، جنرل کوآرڈینیٹر ایم ڈی ایم فرانس ویٹوریو اوپیزئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل محمد یثرب اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کی طرف سے فنانس سیکرٹری نوید بھٹی نے دستخط کئے ۔صوبائی وزیر سید ہارون سلطان نے تقریبسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور ایم ڈی ایم باہم مل کر گزشتہ دس سالوں سے دارالامانوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کی حکومت اس منصوبے کے لئے تمام فنڈز فراہم کر رہی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ۔انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ڈنمارک کی حکومت کی معاونت سے ان اداروں کی اپ گریڈیشن اور خواتین و بچوں کی بہتری کے لئے باہمی اشتراک سے کام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بے سہارا خواتین اور بچوں کی بہتر نگہداشت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔

صوبائی وزیر نے اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے صدر کا دارالامانوں میں مقیم خواتین اور بچوں کو جدید و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔تقریب سے ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام دارالامانوں میں خواتین اور بچوں کو صحت کی سہولیات متواترفراہمی میں ہر قسم کی معاونت کا عمل کیا جاتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے علاوہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی ان کی حکومت سماجی اداروں کے ساتھ مل کر ملکی و صوبائی سطح پر تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :