پولیو ویکسین کی عدم دستیابی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق

بدھ 24 دسمبر 2014 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پولیو ویکسیئن کی عدم دستیابی اور پولیو ورکرز کی جانب سے خالی ڈبے اٹھا کر لوگوں کو دھوکہ دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور بغیر تصدیق ایسی خبروں کو پھیلانا پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 22 سے 24 دسمبر کو ہونے والی مہم کے لئے مطلوبہ مقدار میں ویکسئین 19 اور 20 دسمبر کو متعلقہ اضلاع میں پہنچا دی گئی تھی اور اس مہم کو صرف سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ملتوی کیا گیا تھا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کے پاس پولیو ویکسئین کے وافر ذخائر موجود ہیں ۔تمام پولیو ورکرز کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے حکم پر تمام اضلاع کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس گارڈز فراہم کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ کبھی بھی انسداد پولیو کی کسی مہم میں زائد المعیاد ویکسئین استعمال نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انسداد پولیو کی مہم مثالی ہے اور صوبے کے ایک کروڑ 75 لاکھ بچوں میں سے پولیو کے 3 کیس پنجاب میں ہوئے ہیں جبکہ پاکستان میں پولیو کے کل کیسوں کی تعداد 291 تک پہنچ چکی ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور وزیر اعلی پنجاب خود ماہانہ پولیو میٹنگ کی صدارت کرتے ہیں او رپولیو کے خاتمہ کے لئے اقدامات کی نگرانی کے لئے کابینہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، خواجہ سلمان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب پولیو کو ختم کر کے ہی دم لے گی ۔

متعلقہ عنوان :