پنجاب پولیس میں دوبرس قبل کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے 2700ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کو فارغ کردیا گیا ،ملازمین کا پریس کلب کے باہر دھرنا،

دھرنے کے باعث پریس کلب سے ملحقہ تمام شاہراؤں پر ٹریفک نظام درہم برہم رہا،احتجاج کے دوران کئی اہلکاروں کی طبیعت ناساز ہو گئی، کسی کو فارغ نہیں کیا جارہا،کنٹریکٹ ختم ہونے پر دوبارہ پراسس کیلئے وقت درکار ہوتا ہے،دو ہزار نفری کی کمی برداشت نہیں کر سکتے‘ ڈی آئی جی آپریشنز

بدھ 24 دسمبر 2014 19:04

پنجاب پولیس میں دوبرس قبل کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے 2700ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) پنجاب پولیس میں دوبرس قبل کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے 2700ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کو فارغ کردیا گیا ،ملازمین نے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر دھرنا دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، دھرنے کی وجہ سے لاہور پریس کلب سے ملحقہ تمام شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں ۔

احتجاج کرنے والے ملازمین نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 2012ء میں انہیں کنٹریکٹ پر پولیس میں بھرتی کیا تھا تاہم اب مدت ملازمت میں توسیع کے بجائے انہیں فارغ کردیا گیا ہے۔ دھرنے کے دوران ملازمین کنٹریکٹ میں توسیع کے مطالبے پر مبنی نعرے لگاتے رہے اور اس دوران کئی مظاہرین کی طبیعت بھی ناساز ہو گئی۔

(جاری ہے)

احتجاج کے دوران سی سی پی اولاہور نے اہلکاروں کو مذاکرات کا پیغام بھجوایا تاہم انہوں نے ملازمت پر بحالی تک کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکار کردیا اور دھرنا جاری رکھا ۔

بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف دھرنے پر بیٹھے ملازمین سے مذاکرات کے لئے پہنچے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کسی کو بھی فارغ نہیں کیا جارہا ، ہم موجودہ حالات میں دو ہزار نفری کی کمی کو برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ پراسس کے لئے وقت درکار ہوتا ہے ، انہیں احتجاج کی بجائے ہمارے پاس آنا چاہیے تھا۔

متعلقہ عنوان :