آمد رسول ﷺ سے انسان معاشرتی مظالم سے ،بیٹیاں محرومی سے ،غلام نفرت سے ،جانور ستم سے اور فضا ظلم سے آزاد ہوئی ۔نبی کریم ﷺ کی ولادت کسی ایک طبقہ ،قبیلہ ،قوم یا علاقہ کے لئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لئے نوید مسرت ہے ،علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:33

کڑیانوالہ +گجرات (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) آمد رسول ﷺ سے انسان معاشرتی مظالم سے ،بیٹیاں محرومی سے ،غلام نفرت سے ،جانور ستم سے اور فضا ظلم سے آزاد ہوئی ۔نبی کریم ﷺ کی ولادت کسی ایک طبقہ ،قبیلہ ،قوم یا علاقہ کے لئے نہیں بلکہ تمام جہانوں کے لئے نوید مسرت ہے ۔عرب و عجم کی تفریق ،رنگ و نسل کے امتیازات ،لسانی و برادری کی اونچ نیچ کے بت بھی کالی کملی والے آقا ﷺ نے اپنے قدموں سے پاش پاش کر دئیے ۔

تعلیمات نبوی ﷺ میں انسانوں ،جانوروں حتیٰ کہ درختوں کے حقوق بھی تعین کئے گئے ۔انسان کو معرفت خدا کے جام سے سیراب کیا گیا ۔ مسلمانوں کو ملتِ واحدہ کی مالا میں مستحکم کیا گیا ۔آمد مصطفےٰ ﷺ پر جشن و عید منانا پوری انسانیت پر ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہارصوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب و قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے جامع مسجد جندڑ کلاں میں سالانہ جشن میلاد مصطفےٰ ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی صدارت پیر سید انتصار الحسن شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثِ یگانہ چھالے شریف نے فرمائی جبکہ پیر سید عمر علی شاہ اور حضرت پیر قاضی محمود احمد قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ اعوان شریف مہمانان خصوصی تھے ۔علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا آمد رسول ﷺ پر اظہار مسرت و خوشی فطری تقاضا ہے ۔ساری کائنات کی نعمتیں حضور ﷺ کے میلاد کے صدقے ہمیں میسر آئیں ۔

رحمت عالم ﷺ کی ولادت سے زمین ،فضا ،انسانی فکر اور معاشرتی تہذیب و تمدن کو پاکیزگی نصیب ہوئی ۔انہوں نے کہا میلاد النبی ﷺ سے معاشرہ امن کا گہوارہ بنا ۔آج بھی دہشت گردی سے نجات کے لئے میلاد والے آقا ﷺ کی تعلیمات کا نفاذ ضروری ہے ۔محفل میلاد مصطفےٰ ﷺ کے انعقاد سے شرک کا رد ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت پاکستان نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کی مشاورت سے ملک میں فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کر کے دور اندیشی کا ثبوت دیا ہے ۔

پوری قوم آپریشن ضرب عضب کی تکمیل اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کیلئے دعا گو ہے ۔اس موقعہ پر،ماسٹر زاہد اقبال، صاحبزادہ عبد المصطفےٰ منہاس، حافظ محمد نعیم رضوی، محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ ، علامہ حافظ محمد لقمان اویسی ،حافظ عبد الرزاق سمیت دیگر علماء کرام اور نعت خوانان نے خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا ۔