ملک کو دہشتگردی کے کینسر سے نجات دلانے کے لئے وزیراعظم کے اقدامات قابل تعریف ہیں،حیدر بلوچ ،

بلوچستان کے کسانوں ، کاشتکاروں اور زمینداروں کو بھی محکمہ ایری گیشن کے دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے، مرکزی جنرل سیکرٹری زمیندارکاشتکار تحریک

پیر 29 دسمبر 2014 23:26

ڈیرہ اللہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) زمیندارکاشتکار تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری حیدر بلوچ نے کہاہے کہ ملک کو دہشتگردی کے کینسر سے نجات دلانے کے لئے وزیراعظم کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ بلوچستان کے کسانوں ، کاشتکاروں اور زمینداروں کو بھی محکمہ ایری گیشن کے دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے ۔ کیرتھر کینال اور پٹ فیڈر کینال کے ہزاروں مظلوم کسانوں ، کاشتکاروں اورزمینداروں کے لاکھوں ایکڑ زرعی زمین کئی عرصے سے بنجر اور غیر آباد ہوتی جارہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کاشتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حید ر بلوچ نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے وزیر اعظم کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان بلوچستان میں محکمہ ایری گیشن کے کرپٹ آفیسران کی دہشت گردی سے بھی کسانوں کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کریں ۔

(جاری ہے)

اور گزشتہ 7سالوں سے پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال کے ہزاروں کاشتکاروں کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمین غیر آباد پڑی ہوئی ہے جنھیں سیرآب کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کے احکامات صادر فرمائیں ۔

انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پٹ فیڈر توسیعی پروجیکٹ کے منظور شدہ 80کروڑ روپے جو پروجیکٹ آفیسر اور کنسلٹنٹ کی ملی بھگت سے دوسرے ضلع جھل مگسی کے بندات کی تعمیرکی مد میں خورد برد کئے گئے ہیں۔ اس رقم کو دوبارہ پٹ فیڈر توسیعی پروجیکٹ کو واپس کیا جائے ۔ انھوں نے کہاکہ پٹ فیڈر کینال اور اس کے ذیلی شاکوں کی بھل صفائی کا کام موسم خریف شروع ہونے سے پہلے مکمل کرکے پٹ فیڈر کینال کے بیرون پر لگے ہوئے غیرقانونی اور غیر آئینی طور پر لگے ہوئے ٹیوب ویلز اور پمپنگ مشینوں کو مسمار کیا جائے تاکہ پٹ فیڈر کینال کے اندرون کے کسانوں ، کاشتکاروں اور زمینداراپنی زمینوں کو سیرآب کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :