سندھی شوگر ملوں نے گنا 182روپے فی من خریدنے کا فیصلہ قبول کرلیا،

27 روپے فی من کے حساب سے اربوں کے بقایا جات بھی آبادگاروں کو دینے کا اعلان

بدھ 31 دسمبر 2014 13:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 31دسمبر 2014ء) سندھ کی شوگر ملوں نے آبادگاروں سے 182 روپے فی من گنا خریدنے کا عدالتی فیصلہ من وعن قبول کرتے ہوئے 27 روپے فی من کے حساب سے اربوں کے بقایا جات بھی آبادگاروں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان سندھ شوگرملز ایسوسی ایشن کے مطابق سندھ میں ملیں عدالتی فیصلے کے بعد اب 182 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدیں گی جبکہ 27 روپے فی من کے اربوں روپے کے بقایات جات بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان شوگرملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے مطابق بقایاجات ادائیگی سے متعلق ہر مل کی اپنی پالیسی ہوگی کہ وہ کس طرح آبادگاروں کو ادائیگی کرتی ہیں۔ دوسری طرف نائب صدر سندھ آبادگار بورڈ محمود نواز شاہ کے مطابق عدالتی فیصلے سے قبل سندھ کی ملیں155 روپے فی من کے حساب سے گنا خرید رہی تھیں۔ عدالت نے ملوں کو 182 روپے فی من گنے کی خریداری کا پابند کیا ہے ملیں اب تک خریدے گئے گنے کے بقایاجات 182 روپے فی من کے حساب سے کسانوں کو واپس کریں ، انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنیوالی ملوں کے خلاف عدالت میں قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔