حکومت زکوة منافع فنڈسے غریب ،نادار افراد، طلبہ اور مریضوں کی مدد کرکے مسائل میں کمی لارہی ہے،چوہدری عبدالمجید

جمعرات 1 جنوری 2015 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ حکومت زکوة منافع فنڈسے غریب ،نادار افراد، طلبہ اور مریضوں کی مدد کرکے ان کے مسائل میں کمی لارہی ہے۔ آئندہ بھی زکوةٰ منافع فنڈ کے استعمال میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کیڈٹ کالج پلندی کے 10مستحق طلبہ کو سالانہ تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے۔

مستحق ہنر مند افراد میں مفت سلائی مشینیں محکمہ سماجی بہبود کے ذریعے تقسیم کی جائیں تاکہ اکنامک ری جنریشن کے ذریعے غریب خواتین وحضرات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔وہ جمعرات کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں زکوةٰ منافع فنڈ بورڈکے بجٹ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال 2014-15کے لیے 13کروڑ 35لاکھ 90ہزار روپے کے متوازن بجٹ کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر زکوةٰ وعشر اوقاف افسر شاہد، چیف سیکرٹری عابد علی،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی،سیکرٹری سماجی بہبود احسان خالد کیانی،ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریٹر زکوةٰ )اعجاز احمد خان، ایڈیشنل سیکرٹری مالیات جمعہ خان،ڈپٹی ڈائریکٹر زکوةٰ وعشر چوہدری قیاس دین بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں زکوةٰمنافع فنڈ کو مستحق افراد کے علاوہ مستحق طلبہ کی تعلیم اور نادار مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کرنے پر فوکس کیا گیا تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ زکوةٰ منافع فنڈ کے اخراجات کا عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا اثر نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ معذور بچوں کی تعلیم ،مستحق طلبہ اور نادار مریض ہماری توجہ کا سب سے زیادہ مستحق ہیں۔مشینوں کے لیے مختص فنڈ محکمہ سماجی بہبود کے ذریعے خرچ کیا جائے گا اور سلائی مشینیں صرف اور صرف مستحق اور ہنر مند افراد کو دی جائیں تاکہ وہ ان مشینوں سے دیگر لوگوں کے لیے بھی روزگار کا ذریعہ بن سکیں۔

اجلاس میں مستحق طلبہ کے لیے مالی اعانت بذریعہ تعلیمی ادارہ جات 10لاکھ روپے ،مستحق و ہنر مند افراد کے لیے سلائی مشینوں کی فراہمی کے لیے 2لاکھ روپے، 18سال سے کم عمر مستحق معذور زیر تعلیم بچوں کی ماہوار مالی اعانت کے لیے 7لاکھ روپے ،کڈنی ڈائیلائسسز، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کے لیے 10لاکھ روپے مختص کرنے کی بھی منظور ی دی گئی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے زیادہ سے زیادہ غریب مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے سیکرٹری سماجی بہبود کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں تمام ہسپتالوں کا سروے کر کے تجاویز مرتب کر کے پیش کریں تاکہ اس نظام میں اصلاحات لاکر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستفید کیا جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر عشروزکوةٰ اوقاف افسر شاہد نے کہاکہ زکوةٰ کی تقسیم پر مامور سٹاف لوگوں سے زیادہ سے زیادہ زکوةٰ اکھٹی کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس فنڈکو صرف مستحق افراد کی فلاح وبہبود پر خرچ کررہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :