ہمیں غربت، انتہاپسندی اور کرپشن جیسے ناسور اور مہلک سماجی بیماریوں کا سامناہے، وزیراعلیٰ بلوچستان،

سیاسی وتحریکی اور نظریاتی کارکن ہی اس گرداب سے عوام کو نکال سکتے ہیں، کرپشن واقرباء پروری کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہوگا، میرٹ ہی معاشروں کی ترقی وخوشحالی کا واحد ضامن بن سکتا ہے،عبدالمالک بلوچ

جمعہ 2 جنوری 2015 23:38

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہمیں غربت، انتہاپسندی اور کرپشن جیسے ناسور اور مہلک سماجی بیماریوں کا سامناہے۔ سیاسی وتحریکی اور نظریاتی کارکن ہی اس گرداب سے عوام کو نکال سکتے ہیں۔ کرپشن واقرباء پروری کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہوگا۔ میرٹ ہی معاشروں کی ترقی وخوشحالی کا واحد ضامن بن سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان نے پارٹی ورکرز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اسے ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہیومن ریسورس کی ترقی پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے یہ تہیہ کررکھا ہے کہ غربت، انتہاپسندی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غربت کے پیش نظر دیگر مہلک سماجی بیماریوں کا معاشرے کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جب تک بیروزگاری جیسے مسئلہ پر قابو نہیں پایا جائے گا تب تک مسائل اور مشکلات کا سامنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے جبکہ وفاقی حکومت کو بھی اس میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفاق کے اداروں میں بلوچستان کے کوٹے کوصوبے کے نوجوانوں سے پر کرنا ہوگا وفاق میں گذشتہ ادوار میں بلوچستان کے ساتھ انصاف کے ساتھ کام نہیں لیا گیا لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔

وفاقی ادارے بلوچستان کے عوام کی مشکلات ومسائل کو سمجھیں اور اس کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان کی صوبائی حکومت کے درمیان بیشتر معاملات پر ہم آہنگی موجود ہے اور بلوچستان کے عوام کی وفاقی حکومت سے جو توقعات ہیں وہ پوری ہوں گی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ایک ذمہ دار حکومت ہے اورصوبے میں مخلوط حکومت بلوچستان کے ساحل و وسائل سمیت بلوچستان کے سیاسی ومعاشی معاملات پر ایک واضح مؤقف وپالیسی رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :