بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ،مولانا فضل الرحمن خلیل،

سانحہ پشاور کے بعد قوم کے اتحادنے بھارت کی نیندیں حرام کردی ہیں، پاکستان میں مداخلت عیاں ہونے سے خوفزدہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پراتر آیاہے، پاکستان کی تمام دینی و سیاسی جماعتیں دفاع وطن کیلئے متحدہو جائیں، بھارتی جارحیت کا مسئلہ عالمی فورم پر اٹھایا جائے،امیرانصارالامہ پاکستان کا کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی ، پاکستانی حدود میں بے گناہوں کی شہادت پر ردعمل

ہفتہ 3 جنوری 2015 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) انصارالامہ پاکستان کے مرکزی امیرمولانا فضل الرحمن خلیل نے بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں بے گناہوں کی شہادت اور قیمتی جانی و مالی نقصان پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے متنبع کیا ہے کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ،سانحہ پشاور کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف ٹھوس لائحہ عمل کے نتیجے میں پاکستان میں بھارتی مداخلت واضع ہونے اور دنیا بھرمیں بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے آنے کے خوف سے بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پراتر آیاہے ، فلیگ میٹنگ میں دھوکے سے بلا کر رینجرزاہلکاروں کو شہید کرنے اور بھارتی فائرنگ سے بچی کی شہادت اسی سلسلے کی کڑی ہے ،حکومت بھارتی جارحیت کا ٹھوس جواب دیتے ہوئے مسئلہ عالمی سطح پر اٹھائے ۔

(جاری ہے)

وقت آگیاہے کہ قوم بھارتی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور ہندو بنیے کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی کے کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ سانحہ پشاور میں بے گناہ اور معصوم پاکستانی بچوں کی شہادت کے بعد پاکستان میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بے گناہ افراد کو قتل کرنے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوگئی ہیں اور قیام پاکستان کے بعد ایک بار پھر قوم میں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا ہے جو کہ پاکستان کے دشمنوں کو قبول نہیں ہے کیونکہ قوم کا اتحاد ملک دشمن طاقتوں کی موت ہے ۔

مودی سرکار اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھنا چھوڑ دے اسی میں خطے کی بقا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی ہاتھ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے تاہم سانحہ پشاور کے بعد قوم کے اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم سے بھارت کو اپنا مکروہ کرداردنیا کے سامنے واضع ہوتا نظر آرہاہے یہی وجہ ہے کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر کر پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کررہاہے جو پاکستان کے اندرونی حالات اور دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی توجہ ہٹانے کی سازش ہے ، ایسے وقت میں جب پاکستانی فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مشغول ہے پاکستانی سرحدوں پر بھارتی فائرنگ پیٹھ میں چھرا گھونپنے اور بغل میں چھری منہ میں رام رام کرنے والے حقیقی دشمن کی اصلیت کو واضع کرتی ہے ۔

انہوں نے بھارت کو متنبع کیاکہ وہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو پاکستانی قوم جاگ رہی ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے ہر وقت تن من دھن سے تیار ہے ۔ انہوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیاہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی اور جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ کی طرح بھارتی جارحیت کے خلاف بھی پاکستانی قوم پاک فوج اور حکومت کا ساتھ دے گی۔