عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے امت چودہ سو سالوں سے قربانیاں دے رہی ہے ،سید عطاء المہیمن بخاری،

فتنہ ارتدادمرزائیہ کے مکمل خاتمے تک ہماری پر امن جدو جہد جاری رہے گی،قائد احرار

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام چناب نگر کی جامع مسجد احرارمیں دو روزہ ختم نبوت کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے امت چودہ سو سالوں سے قربانیاں دے رہی ہے اور فتنہ ارتدادمرزائیہ کے مکمل خاتمے تک ہماری پر امن جدو جہد جاری رہے گی ،انہوں نے کہا کہ 1953ء کے دس ہزار شہداء ختم نبوت کا مقدس خون ہم سے مطالبہ کرہا ہے کہ ہم اسلامی نظام خلافت اور تحفظ ختم نبوت کے لئے اٹھ کھڑے ہوں ،کانفرنس کے موقع پر عمومی تربیتی اجتماع عام بھی منعقد ہوا ،مجلس احراراسلام کے مرکزی نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد ،سید محمد کفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانی مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور سیاسی جماعتوں اور میڈیا میں داخل ہو کر ملکی پالیسیوں کو سیکولر انتہا پسند ی کی طرف لے جارہے ہیں کانفرنس کے پہلے روز کی آخری نشست میں تحریک طلباء اسلام پاکستان کا مرکزی کنونشن منعقد ہوا جس میں مرکزی کنونیر محمد قاسم چیمہ،سید صبیح الحسن ہمدانی،سید عطاء المنان بخاری ،محمد طلحہ شبیر ،غلام مصطفی،ثاقب افتخار،قاضی حارث علی، اوردیگر طالب علم رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء برداری اسلامی نظام تعلیم کی خواہاں ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کو کفر والحاد کی درس گاہیں بنا کر رکھ دیا گیا ہے تحریک طلباء اسلام کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ نصاب تعلیم سے غیر اسلامی ابواب نکالنے کے لئے عملی جدوجہد کی جائے گی ،ان رہنماؤں نے کہا کہ دینی مدارس اور جدید تعلیمی داروں کے مابین نفرتوں کو ختم کرکے اسلامی رواداری کو فروغ دیاجائے گا انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء کسی طرح بھی دہشت گردی کے حق میں نہیں ہیں طلباء کنونشن میں اعلان کیا گیا کہ تحریک طلباء اسلام کو ملک گیر سطح پر منظم کیا جائے گا۔