سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ‘مریضوں ، طلباء اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 5 جنوری 2015 18:51

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء)سابق صوبائی وزیر و رہنماء جماعت اسلامی حافظ حشمت خان نے کہا ہے کہ ورسک روڈاور متھرا تا چارپریزہ روڈ کی تعمیر علاقے کے عوام کے لیے وبال جان بن چکی ہے ۔ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہے جس سے مریضوں ، طلباء اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صوبائی حکومت جلد ا ز جلد تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

وہ پی کے سات کے علاقہ عمائدین کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ ملک کے تعمیر و ترقی میں سڑکوں کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے لیکن ہمارے علاقوں میں سڑکوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ورسک روڈ اور متھرا تا چارپریزہ روڈ کی عدم تعمیر سے علاقے کے عوام شدید مشکلات اور ذہنی کوفت کا شکا ر ہیں۔

منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس کے تعمیر کی طرف توجہ دیں اور ورسک روڈ پر آباد لاکھوں افراد کو اس درد سے نجات دلائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے اس جانب توجہ نہ دی تو ہم حکومت کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوں گے اور علاقہ عمائدین کاگرینڈجرگہ بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔