سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کردی گئی ہے:شہبازشریف،

منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی،نالج پارک میں بننے والے پاکستان کے پہلے پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں نرسنگ سکول اور ریسرچ سینٹر بھی بنے گا،مفادعامہ کے اس منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے قومی جذبے اورمحنت سے کام کیا جائے: وزیراعلیٰ پنجاب کی اجلاس میں ہدایت

پیر 5 جنوری 2015 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کیلئے بااختیار بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انسٹی ٹیوٹ کیلئے 50 ایکڑ قطعہ اراضی مختص کر کے حد بندی کردی گئی ہے۔

انسٹی ٹیوٹ میں نرسنگ سکول اور ریسرچ سینٹر بھی بنے گا۔وہ یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقداما ت کیے جارہے ہیں۔

صحت عامہ کی معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں ۔ پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں بننے والا ہسپتال 750بستروں پر مشتمل ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ کے انتظامی معاملات کیلئے خودمختار بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا گیا ہے۔ نالج پارک لاہور میں قائم ہونے والے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں غریب اورنادارمریضوں کا علاج مفت ہوگا۔

انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر سے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مفادعامہ کے اس منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے قومی جذبے اورمحنت سے کام کیا جائے ۔ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے اجلاس کو بتایا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ منصوبے کو معیار کے ساتھ تیزرفتاری سے مکمل کیا جائے۔اجلاس میں ممبرز ڈاکٹر معصومہ سعید، شیخ امین، وسیم افضل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔