عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقداما ت کیے جارہے ہیں‘ رانا بابر حسین

منگل 6 جنوری 2015 13:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ نالج پارک لاہور میں قائم ہونے والے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف دی آرٹ کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں غریب اورنادار مریضوں کا علاج مفت ہوگا، انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر سے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی،مفادعامہ کے اس منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے قومی جذبے اورمحنت سے کام کیا جائے ۔

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کیلئے بااختیار بورڈ آف گورنرز تشکیل دے دیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ کیلئے 50 ایکڑ قطعہ اراضی مختص کر کے حد بندی کردی گئی ہے۔

انسٹی ٹیوٹ میں نرسنگ سکول اور ریسرچ سینٹر بھی بنے گا۔ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ۔عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقداما ت کیے جارہے ہیں۔ صحت عامہ کی معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں ۔ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ میں بننے والا ہسپتال 750بستروں پر مشتمل ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ کے انتظامی معاملات کیلئے خودمختار بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا گیا ہے۔