پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے 14ویں دو سالہ کنونشن کا اعلان کر دیا

بدھ 7 جنوری 2015 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے 14ویں دو سالہ کنونشن کا اعلان کر دیا ہے ۔دو روزہ کنونشن 22مارچ کو شروع ہوگا جس کا مقصد سندھ میں ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ، طبی اخلاقیات اورنوجوان ڈاکٹروں کی کیرئیر کاؤنسلنگ ہے ۔کنونشن میں سندھ بھر کے ماہرین صحت، کنسلٹنٹ ، نجی و سرکاری طبی یونیورسٹیز کے پروفیسرز شریک ہوں گے ۔

کنونشن کی خاص بات صوبے بھر کے میڈیکل کے طلبہ کی شرکت ہوگی جو کہ کیریئر کاؤنسلنگ کے لیے پیما کے دو سالہ کنونشن کا شدت ست انتظار کر رہے ہیں۔ دوسالہ کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے بدھ کو کراچی کے مقامی کلب میں ملک کے مایہ ناز طبی ماہرین کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں انڈس اسپتال کے سربراہ اور امراض قلب کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری ،ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر پروفیسرآف میڈیسن ڈاکٹر اعجاز وہرہ ، قومی ادارہ برائے امراض خون کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر شمسی ،ماہر امراض سینہ و پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سہیل اختر ،چلڈرن کینسر اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیمویل اشرف، آنکھوں کے امراض کے ماہراور کنونشن کے صدر ڈاکٹر مصباح العزیز ، جلدی امراض کے ماہر اور پیما سندھ کے صدر ڈاکٹر عبد القادر سومرو، پیٹ کے امراض کے ماہر اور کنونشن کے سیکریٹری ڈاکٹر سعد خالد نیاز،قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ڈاکٹر احمد سلمان غوری ، آغاخان اسپتال کے سینئر ریڈیالوجسٹ اورپیما کراچی کے صدر ڈاکٹر عظیم الدین ، پیما کراچی کے سیکریٹری اور خون کی بیماریوں کے ماہر ثاقب انصاری سمیت دیگر ماہرین بھی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنونشن کے صدر ڈاکٹر مصباح العزیز نے کہا کہ کنونشن میں دنیا بھر سے طبی ماہرین کے علاوہ سندھ بھر سے ڈیڑھ ہزار کے قریب ڈاکٹر شریک ہوں گے ۔ ” بہترین انسان وہ ہے جو انسانیت کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش ہو“ کوکنونشن کی تھیم بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کنونشن میں دل کے امراض پرسائنٹیفک سیشن ،سینے ، بچوں ، خواتین ، دماغ ،پیٹ اور خون کے امراض ، زیابطیس ، کینسر ، ریڈیالوجی سے متعلق بھی سیشنز منعقد کیے جائیں گے جن میں ماہرین شرکاء کواپنے تجربات سے آگاہ کریں گے ۔

کنونشن کے سیکریٹری سعد خالد نیاز نے اجلاس میں بتایا کہ کنونشن میں جونیئر ڈاکٹروں کو سیکھنے کے موقع ملیں گے اورریڈیالوجی ، کارڈیالوجی اور ناک ،کان ارو حلق کے موضوعات پرپری کنونشن تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کنونشن کا سب سے اہم پروگرام کیریئر گائیڈنس سیمینار ہے جس میں سینکڑوں فارغ التحصیل ڈاکٹر اور میڈیکل کالجز او یونیورسٹیز کے طلبہ وطالبات شریک ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ڈاکٹروں کی کوئی بھی تنظیم نوجوانوں کی کیریئر کاؤنسلنگ نہیں کرتی ۔انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن سندھ کے ڈاکٹروں کا سب سے بڑا کنونشن ثابت ہوگا۔اس موقع پر ماہرین صحت اور پیما کے عہدیداران نے ملکی اور غیرملکی فارماسویٹکل کمپنیوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر پیما کے دوسالہ کنونشن کی مختلف سرگرمیوں کے انعقاد میں تعاون کریں کیونکہ یہ کنونشن صوبے میں ڈاکٹروں کا سب بڑا کنونشن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :