پاکستان ،بلجیم کے باہمی تعاون کو مستحکم کرنے میں اراکین پارلیمنٹ کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، سید نیئر حسین بخاری

جمعرات 8 جنوری 2015 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 جنوری 2015ء) چیئر مین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے پاکستان اور بلجیم کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی تعاون کو مستحکم کرنے میں اراکین پارلیمنٹ کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پارلیمنٹ ہاوٴس میں بلجیم کے سفیر پیٹر کلاسیز سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی بتادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بلجیم کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلجیم ایک اہم ملک ہے اور باہمی تعاون کو فروغ دیکر مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سینیٹ نے جی ایس پی پلس پر بلجیم کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے معیشت کو کافی سہارا ملا ہے ۔بلجیم کے سفیر نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف سماجی اور اقتصادی مسائل کا سامنا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے چیئر مین سینیٹ کو بلجیم کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی اور کہا کہ ان کے اس دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔

متعلقہ عنوان :