سروسز ہسپتال میں محفل میلاد کا انعقاد، ملازمین اور مریضوں کے لواحقین کی شرکت

جمعرات 8 جنوری 2015 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء)پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی میڈیا کوآرڈنیٹر ارشد بٹ کی زیر صدارت سروسز ہسپتال کے سبزہ زار میں سالانہ محفل میلاد منعقد ہوئی ۔ اس بابرکت محفل میں ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ، اے ایم ایس، ڈی ایم ایس، نرسنگ انتظامیہ، راشد گجر، رشید مغل سمیت ڈاکٹروں، نرسوں اور ملازمین کی کثیر تعداد کے علاوہ مریضوں کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔

ثناء خواں عرفان عارضی، یاسر قادری اور احسان چشتی نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق اور ارشد بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں حضرت محمد ﷺ کے اسوہ حسنہ سے مکمل رہنمائی لینے کی ضرورت ہے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ساجدہ فرشید اور اظہرہ عباس نے مقدس محفل کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی محفلوں کے انعقاد سے انسان کو روحانی سکون ملتا ہے جس سے انسان اپنے روحانی فرائض بھی بہتر طور پر سرانجام دے سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر سانحہ پشاور اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے علاوہ مریضوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی گئی۔